Live Updates

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے محافظ ہیں،بجلی اور گندم پر سبسڈی عوام کی قربانیوں کا اعتراف ہے،وفاقی وزیر انجینئرامیر مقام

پیر 8 ستمبر 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئرامیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے محافظ ہیں،بجلی اور گندم پر سبسڈی عوام کی قربانیوں کا اعتراف ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کو شاہ غلام قادر کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں امیر مقام نے کہا کہ شاہ غلام قادر کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں مضبوط جماعت کے طور پر ابھری ہے،عوام (ن) لیگ کے ترقیاتی کاموں کو یاد رکھتے ہیں، اسی لیے پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے عزائم سمجھ سے بالاتر ہیں،چند ہزار افراد کا احتجاج عوامی امنگوں کی ترجمانی نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام کی پاکستان سے محبت لازوال ہے،حالیہ جنگ میں بھارتی عزائم خاک میں ملے، عوام کے حوصلے بلند ہوئے،سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہوا۔امیر مقام نے کہا کہ کے پی کے چھ سے سات اضلاع اور پنجاب بھی متاثر ہوا،سب کو اپنی حیثیت کے مطابق سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نریندر مودی تسلیم کریں کہ مقبوضہ کشمیر متنازع مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر کا حل صرف یو این قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ممکن ہے،مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو خطے میں کشیدگی برقرار رہے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات