Live Updates

کولگام میں بھارتی فوج کی محاصرے اورتلاشی کی کارروائی مسلسل دوسرے روز بھی جاری

منگل 9 ستمبر 2025 17:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے آج مسلسل دوسرے روز بھی ضلع کولگام میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی جاری رکھی اور مکینوں کو ہراساں کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس اورکمانڈوزنے پیر کو کولگام کے علاقے گوڈر میں فوجی آپریشن شروع کیاتھا۔

آپریشن کے دوران دوکشمیری نوجوان شہید جبکہ دو بھارتی فوجی ہلاک اورایک میجر سمیت دو شدید زخمی ہوگئے تھے۔ کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ اور اسلام آباد اضلاع میں بھی بھارتی فوجیوں نے محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں کیں جس سے مقبوضہ علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایک منتخب رکن اسمبلی معراج ملک کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری کے خلاف پورے ضلع ڈوڈہ میں زبردست احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے ۔

گندو، کہارا، بھلیسہ اور دیگر علاقوں میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیااورمعراج ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ معراج ملک کو منتخب کرنے والے لوگوں نے ان کی گرفتاری کو اپنے حقوق پر حملہ قراردیا۔بھارتی فورسزنے مظاہرین پر لاٹھی چارج سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیاجس سے متعددافراد زخمی ہوگئے۔احتجاج کی وجہ سے علاقے میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ بھارتی فورسز نے ضلع بھر میں سخت پابندیاں عائد کر دیں اورمتعددافرادکو گرفتارکرلیا۔

معراج ملک کو پہلے بھدرواہ جیل میں رکھا گیا جہاں سے انہیں سخت سکیورٹی میں کٹھوعہ جیل منتقل کردیا گیا ۔ قابض حکام نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دیں اوریوٹیوب اورانسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمزتک لوگوں کی رسائی روک دی۔ عام آدمی پارٹی نے ، جس سے معراج ملک وابستہ ہیں، ان کی گرفتاری کے خلاف جموں شہر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ضلع ریاسی کی تحصیل ارناس میں سیلاب سے ہونیوالی تباہی پر قابض انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا اور مرکزی سڑک کو بندکر دیا۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 15دنوں سے بجلی سے محروم ہیں اور انہیں کوئی امداد یاسفری سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں جس سے وہ شدید مشکلات کا شکارہیں ۔ مظاہرین نے خبردار کیاکہ اگر ان کی شکایات کا ازالہ نہ کیا گیا تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے ۔

پھلوں کے کاشتکاروں نے خبردارکیاہے کہ سرینگر جموں ہائی وے کی مسلسل بندش کی وجہ سے انہیں اقتصادی تباہی کا سامنا ہے کیونکہ پھلوں سے لدے سینکڑوں ٹرک راستے میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ٹرکوں پر لدے کشمیر کے مشہور سیب اور ناشپاتی خراب ہونے سے کشمیری کاشتکاروں کو ہونے والے نقصانات پہلے ہی200کروڑ روپے سے تجاوز کر چکے ہیں۔ سوپور منڈی کے تاجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ٹرکوں کو فوری طور پر اپنی منزلوں کی طرف روانہ نہ کیاگیا تو پھلوں کی صنعت مکمل طورپرتباہ ہوجائے گی جس سے لاکھوں کشمیری خاندانوں کی روزی روٹی وابستہ ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات