Live Updates

کراچی میں شدید بارش؛ تھڈو ڈیم اوورفلو‘ ندیوں میں خطرناک سیلاب‘ آبادیاں زیرِآب‘ فوج طلب کرلی گئی

متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ اپنے گھروں سامان اور گاڑیوں کو بچانے کی جدوجہد کرتے رہے، موٹروے بند کرکے ٹریفک معطل کردی گئی، تعلیمی اداروں میں چھٹی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 10 ستمبر 2025 11:24

کراچی میں شدید بارش؛ تھڈو ڈیم اوورفلو‘ ندیوں میں خطرناک سیلاب‘ آبادیاں ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شدید بارش کے باعث تھڈو ڈیم اوورفلو ہوگیا اور ندیوں میں خطرناک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے بعد آبادیاں زیرِآب آگئیں، جس کے باعث ریسکیو کیلئے فوج طلب کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد میں ہونے والی مسلسل بارش کے باعث کراچی کے ڈیم اوور فلو ہوگئے جس کے باعث پانی سعدی ٹاؤن سمیت سکیم 33 کے متعدد رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، ملیر، سہراب گوٹھ، خمیسو گوٹھ، لیاری ندی، ملیر ندی، مچھر کالونی سمیت دیگر علاقے ڈوب گئے، سیلابی پانی یم نائن موٹر وے تک پہنچ گیا، ملیر اور لیاری کی ندی میں پانی کی سطح بلند ترین ہوگئی، قریبی آبادیوں میں پانی داخل ہونے سے شہری نقل مکانی پر مجبور ہوگئے جہاں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122، پاک فوج اور پاکستان رینجرز کے اہلکاروں نے ریسکو آپریشن میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سعدی ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں ریسکیو ٹیم نے پاک افواج کے ہمراہ 11 افراد کو ریسکیو کیا جہاں ریسکیو اہلکاروں کو سعدی ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث لوگوں کے پھنسنے کی اطلاع ملی، جس پر ریسکیو ٹیم نے پاک فوج کے ہمراہ وہاں سے لوگوں کو ریسکیو کیا، جن میں 2 مرد، 3 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں، شہریوں کو سعدی ٹاؤن کے قریب سوسائٹی سے ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہسیلابی پانی کا طاقتور ریلا ایم 9 موٹروے تک بھی پہنچ گیا جہاں سپر ہائی وے پر واقع الحبیب ریسٹورینٹ کے اطراف سڑک زیر آب آ گئی، جس کی وجہ سے کراچی سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے کراچی دونوں اطراف کی ٹریفک مکمل طور پر بند کردی گئی کیوں کہ کہ پانی کی سطح بلند ہو کر موٹروے کے کنارے سے ٹکرا چکی ہے اور سپر ہائی وے کا بڑا حصہ زیر آب آ گیا، سپرہائی کے اطراف کی متعدد رہائشیوں آبادیوں میں سیلابی ریلا داخل ہو گیا اور متعدد مقامات پر 4 تا 5 فٹ پانی جمع ہوگیا، اس کے پیشِ نظر ایم 9 کے درمیان موجود کرش بیرئیر کو ہٹا کر پانی کے بہاؤ کا راستہ دینے کی کوشش کی گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ کراچی میں بارش کے پیش نظر آج سکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا، کمشنر کراچی نے بتایا کہ شہر میں آج تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، جب کہ پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے رات گئے بارش کے بعد سیلابی صورتحال کے پیش نظر حکومتی اعلان سے قبل ہی سکولز بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا تھا اور مختلف نجی سکولز نے والدین کو سکول بند ہونے کے حوالے سے اطلاعات فراہم کر دی تھیں۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تھڈو ڈیم کے پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھنے اور عوام کو صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کر دی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر خمیسو جوکیو گوٹھ اور ملیر میں ریسکیو آپریشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی کہ تھڈو ڈیم کے سپل وے سے پانی کے ریلے میں ایک گاڑی بہہ گئی جس میں سوار 4 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ، وزیراعلیٰ سندھ کو 4 افراد کی کامیاب ریسکیو کی تفصیلات فراہم کی گئیں، جس پر مراد علی شاہ نے کہا کہ تھڈو ڈیم کے پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھی جائے، عوام کو صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے تاکہ مزید کسی پریشانی یا نقصان سے بچا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات