دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں’پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے‘وزیراعظم

ہفتہ 13 ستمبر 2025 23:02

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء)وزیراعظم محمد شہبازشریف ،قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع باجوڑ اور ضلع جنوبی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں’پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی اور آنے والی نسلیں ہمیشہ انہیں یاد رکھیں گی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امن کیلئے وطن پر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ اور ضلع جنوبی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور فتنتہ الخوارج کے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی اور ضلع جنوبی وزیرستان کے آپریشن میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کی بلندیء درجات کی دعاء اور شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں‘پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں، خصوصاً جنوبی وزیرستان، باجوڑ اور دیگر مقامات پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی مؤثر اور کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے ان پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

قائم مقام صدر نے شہداء کی عظیم قربانی کو قومی تاریخ کا روشن باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ان شہید جوانوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے ملک کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے جس عزم و حوصلے کے ساتھ اقدامات کر رہی ہیں، وہ نہایت قابلِ تعریف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی اور آنے والی نسلیں ہمیشہ انہیں یاد رکھیں گی۔قائم مقام صدر نے کہا کہ افواجِ پاکستان دنیا کی بہترین اور پیشہ ورانہ افواج میں شمار ہوتی ہیں، جو ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر و عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد نہ کسی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں اور نہ ہی انسانیت کے دائرے میں آتے ہیں، بلکہ وہ معصوم جانوں کے قاتل اور امن دشمن عناصر ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور ان شاء اللہ پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جائے گا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 35 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اورکہا کہ خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی خلاف ہمارے مضبوط عزم کی عکاس ہیں۔ امن کیلئے وطن پر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں۔ قوم شہداء کے خاندانوں کا قرض کبھی نہیں اتار سکتی۔