کراچی کو آفت زدہ قرار دیا جائے، پیپلزپارٹی کی بیڈ گورننس نے شہر کو کھنڈرات میں بدل دیا ہے،قاری محمد عثمان

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)جمعیت علما اسلام سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ سندھ اور کراچی کی تباہی کا ذمہ دار پاکستان پیپلز پارٹی اور کرپٹ بلدیاتی نظام ہے۔ حالیہ بارشوں نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی کی بدترین حکمرانی اور کرپشن کا پول کھول دیا ہے۔ کراچی کو آفت زدہ شہر قرار دیا جائے۔ حالیہ بارشوں کے متاثرین بے یار و مددگار ہیں۔

شہرِ قائد کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر زمین بوس ہوچکا ہے۔ سڑکیں کھنڈرات، نالے ابلتے گندے دریاں اور آبادیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ سندھ حکومت کا 18 سالہ دور صرف اور صرف ناقص کارکردگی ہے۔ شاہراہ بھٹو اور حب کینالوں کا بہہ جانا کرپشن اور نااہلی کی انتہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارش سے متاثرہ مختلف علاقوں سمیت لیاری ندی کے کنارے واقع کوہاٹی اور بینظیر محلوں کے تفصیلی دورے کے دوران متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جییوآئی ضلع کیماڑی کے مولانا بلال، سید عبدالسلام شاہ، نیک امان اللہ، مفتی اشرف اور دیگر موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ سندھ حکومت کے 18 سالہ دور میں عوام کو ترقی اور سہولیات کے بجائے صرف محرومیاں اور تباہی ملی ہے۔ شہر کراچی کے باسیوں کی زندگیاں جہنم بن گئی ہیں۔ ایسے حالات میں کراچی کو فوری طور پر آفت زدہ شہر قرار دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے پر کھڑے ہو کر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، شرجیل انعام میمن اور مئیر کراچی مرتضی وہاب تصاویر بناکر بغیر متاثرہ علاقوں کا دورہ کئے چلے گئے۔ متاثرین کی بحالی صرف تصاویر اور دعوں تک محدود ہے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ کراچی، جو ملک کا سب سے بڑا میٹروپولیٹن شہر ہے، آج کچرے کے ڈھیروں، کھڈوں اور سیوریج کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

ایک ایسا شہر جو قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے وہاں کے شہری بنیادی انسانی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ قاری محمد عثمان نے مزید کہا کہ شاہراہ بھٹو اور حب کی دونوں کینالوں کا ٹوٹنا کرپشن اور بیڈ گورننس کی عبرتناک مثال ہے جبکہ تھڈو ڈیم کے متاثرین بے بسی اور کسمپرسی کی تصویر بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور کراچی کی تباہی کی ذمہ دار پاکستان پیپلزپارٹی ہے جس کی ساری کارکردگی لوٹ مار، ناکامی اور عوامی استحصال کے سوا کچھ نہیں۔

ترقی کے دعوے اور وعدے محض سیاسی لطیفے ثابت ہوئے ہیں۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی فنڈز اور عملی منصوبہ بندی کی جائے، بصورت دیگر یہ شہر حکمرانوں کی غفلت اور نااہلی کی بھینٹ چڑھتا رہے گا۔