وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود کےلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، چیئرمین

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں نیشنل یوتھ سمٹ 2025ء کا انعقاد ہوا جسے ایکٹ انٹرنیشنل نے اقوام متحدہ کی پا پولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) اور وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) کے تعاون سے منعقد کیا ۔ اس سمٹ کا مرکزی موضوع"یوتھ ایکشن ، گلوبل ایمپیکٹ " تھا ۔2012ء سے لے کر آج تک ایکٹ انٹرنیشنل نوجوانوں کی شمولیت اور رہنمائی کے لئے ایک نمایاں پلیٹ فارم مہیا کرتا آ رہا ہے۔

نیشنل یوتھ سمٹ نوجوان رہنمائوں، پالیسی سازوں اور شراکت داروں کو قومی و عالمی مسائل پر گفتگو اور عملی اقدامات کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔اس سال کے اجلاس میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یو این ایف پی اے اور کینیڈا کے تعاون سے ٹریننگ آف ٹرینرز (ٹی او ٹی) کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں نیشنل یوتھ کونسل کے 92 ممبران شامل تھے۔

یہ ٹریننگز صحت و بہبود، کلائمیٹ ایکشنز، یوتھ ایکشن اور صنفی مساوات جیسے اہم موضوعات پر مرکوز تھی۔سمٹ میں نوجوانوں کے جوش و جذبے کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی سیشنز اور تخلیقی سرگرمیاں شامل تھیں جن میں "کلائمیٹ جسٹس اور ریزیلیئنس" پر مباحثہ، "نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے لائف سکلز اور تولیدی صحت کی تعلیم" پر پینل ڈسکشن اور ایک متاثر کن پرفارمنس شامل تھے۔

اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود کےلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمٹ میں بلوچستان ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے قابل اور ذہین نوجوان موجود ہیں ، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے یہ نوجوان وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف پروگراموں سے منسلک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود کےلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، یہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے اور ان سے استفادہ کرنے کا وقت ہے ، ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر دنیا کی قیادت کریں گے۔ رانا مشہود نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے آگے بڑھنے کا جذبہ قابل قدر ہے ، ملک کے با صلاحیت نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے ایوارڈ دیئے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں باصلاحیت اور ذہین نوجوانوں کو سہولیات فراہم کیں ،1997ء میں محمد شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے بوٹی مافیا اور سفارشی کلچرکا خاتمہ کیا تھا جس سے قابل نوجوانوں کو میرٹ پر آگے آنے کا موقع ملا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا جارہا ہے ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ خوش آئند ہے، سعودی عرب کی حفاظت اب ہمارے ذمے ہے۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایکٹ انٹرنیشنل مبشر بنوری کا کہنا تھا کہ ایکٹ انٹرنیشنل نے ہمیشہ تعلیم، صحت، خواتین کے بااختیار بنانے، ماحولیات اور روزگار جیسے شعبوں میں کمیونٹیز کو سہارا دیا ہے، اب تک ہم 46 لاکھ سے زائد افراد تک پہنچ چکے ہیں، 3 ہزار اساتذہ کو تربیت دی ہے، 34 ہزار سے زائد نوجوانوں کو ہیلپ لائن کے ذریعے سپورٹ کیا ہے اور 1100 سے زائد ٹرانس جینڈر افراد کو لائف سکلز پروگرام کے ذریعے سہارا دیا ہے۔ اس تقریب میں 300 سے زائد نوجوان رہنما، پالیسی ساز، سول سوسائٹی نمائندگان اور ماہرین شریک ہوئے۔ سمٹ کے پینلز، مباحثوں، تخلیقی پرفارمنس اور مکالموں نے یہ واضح کیا کہ نوجوان ہی پائیدار مستقبل کے ضامن ہیں۔