پاکستان ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ اور ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے‘ چودھری شہزاد نذیر سندھو

وزیراعظم شہباز شریف کاجنرل اسمبلی میں خطاب پاکستان کی امن دوست پالیسیوں ،مثبت رویے کا عکاس ہے

اتوار 28 ستمبر 2025 11:30

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) چیئرمین پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی و مسلم لیگی رہنما چودھری شہزاد نذیر سندھو نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ امریکہ کے بعد اڑان پاکستان شروع ہوگئی، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے اپنے خطاب کے ذریعے نہ صرف 25کروڑ پاکستانی عوام کی سچی اور حقیقی ترجمانی کی بلکہ دنیا کو امن، انصاف اور انسانی حقوق کے احترام کا واضح پیغام بھی دیا ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کہاں ایک حکمران تھا جس کے دور میں پاکستان ڈیفالٹ کررہا تھا، اب پاکستان کی مشرق سے لے کر مغرب تک دنیا میں عزت ہے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری کے سامنے جرات مندی اور ٹھوس دلائل کے ساتھ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کو بے نقاب کیا اور یہ حقیقت اجاگر کی کہ بھارت کی دہشت گردانہ سرگرمیاں خطے کے امن کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

(جاری ہے)

شہزاد نذیر سندھو نے کہا کہ وزیراعظم نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کی کھل کر مذمت کرکے دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ اور ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے۔ وزیراعظم کا خطاب پاکستان کی امن دوست پالیسیوں اور مثبت رویے کا عکاس ہے جس سے نہ صرف ملک کا وقار بلند ہوا بلکہ قومی مو قف کو کامیابی کے ساتھ دنیا کے سامنے اجاگر کیا گیا۔