وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور غزہ پر واضح موقف پیش کیا،ملک سے شدت پسندانہ رویوں کے خاتمہ کی آج اشد ضرورت ہے ، طاہر اشرفی

اتوار 28 ستمبر 2025 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین اور غزہ پر واضح موقف پیش کیا،فلسطین اور غزہ کے معاملے پر پوری امت مسلمہ ایک پیج پر ہے ،پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ،پاکستان سفارتی اور معاشی محاذ پر کامیابیاں سمیٹ رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں ماڈل ٹائون کی جامع مسجد مبارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج محراب و منبر سے عوام میں ربط پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے ،معاشرہ میں سب سے زیادہ نقصان زبان و ہاتھ سے ہو رہا ہے،یوٹیوبر سے بات کریں تو آزادی اظہار رائے پر قدغن کی بات سامنے آ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں نئی نسل کو ایسے فتنوں سے دورکرنا ہے جو انہیں اسلام سے دور کررہے ہیں،ہمیں ایک دوسرے کی مساجد میں نماز پڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ باہمی اختلافات کو ختم کیا جا سکے،مساجد اتحاد کا مرکز تب بنیں گی جب آپس میں مکالمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو گستاخ قرار دے دینا چھوٹی بات نہیں آپ کے اپنے ایمان کا بھی مسئلہ ہے،کسی کو توہین مذہب پر اختیار نہیں کہ خود ہی جج بن جائے، ملک میں آج شدت پسندانہ رویوں کے خاتمہ کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور غزہ کے معاملے پر پوری امت مسلمہ ایک پیج پر ہے ۔ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے جس طرح خطاب کیا اس سے دلوں کو تسکین ملی ۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سپہ سالار سید عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات کے نتیجے میں پہلی کامیابی یہ ملی کہ امریکی صدر نے کہاکہ اسرائیل کو غزہ ہڑپ نہیں کرنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت ایک سو اٹھاون ممالک نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کیا جس میں محمد بن سلمان نے نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ ہونے پر پوری امت میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، ایران بھی اس معاہدہ میں شامل ہونا چاہتا ہے،ستاون اسلامی ممالک میں سے پاکستان کو محافظ الحرمین بننے کا اعزاز ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی سے اب تک اللہ تعالی نے پاکستان کو فاتح بنایا، پہلے معرکہ حق اور پھر جنود الحرمین بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پہلی بار مسئلہ کشمیر پر ثالث بننے کو تیار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں طاہر اشرفی نے کہا کہ حکومت نے قومی پیغام امن کمیٹی بنائی ہے جس پر چودہ ہزار علما کے دستخط موجود ہیں ،جہاد اسلام کا بنیادی رکن ہے اس کے ضابطوں پر شریعت کے مطابق عمل درآمد ہونا چاہیے، کیا بے گناہوں کا قتل جہاد ہے، مساجد، امام بارگاہوں اوربازاروں میں بم دھماکے کرنا کیا یہ جہاد ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے،سب سے پہلے خود کش حملوں کے خلاف فتوے پاکستان علما کونسل نے دیئے۔