جموں و کشمیر میں بھارت کا نوآبادیاتی منصوبہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارت دنیا میں جھوٹ اور گمراہ کن معلومات کا سب سے بڑا پروڈیوسر ہے، پاکستانی مندوب

منگل 14 اکتوبر 2025 16:56

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) پاکستان نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو حق خودارادیت کی ضمانت دینے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹنے پر بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ متنازعہ علاقے میں بھارت کا نوآبادیاتی منصوبہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان مشن میں وزیر آصف خان نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی خصوصی سیاسی و نوآبادیاتی کمیٹی کو بتائی۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ کبھی نہیں تھا اور نہ ہی ہے۔ یہ بیان انہوں نے بھارت کے نمائندے این کے پریم چندرن کے بیان پر جواب دینے کے اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے دیا۔

(جاری ہے)

بھارتی نمائندے نے دعویٰ کیا تھا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ اور ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے اور پاکستان کے اندرونی معاملات پر بھی تبصرہ کیا۔ پاکستانی مندوب نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتےہوئے بھارت کو دنیا میں جھوٹ اور گمراہ کن معلومات کا سب سے بڑا پروڈیوسر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس کے حتمی حل کے لیے اقوامِ متحدہ کی سرپرستی میں آزاد اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کے 1960 کے اعلامیہ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تمام اقوام جنہیں غیر ملکی تسلط کا سامنا ہے، انہیں خودارادیت کا حق حاصل ہے۔ یہ حق اقوامِ متحدہ کے چارٹر میں بھی درج ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہاکہ بھارت طویل عرصے سے کشمیریوں کی آزادی کی جائز جدوجہد کو دہشت گردی کا رنگ دے کر دنیا کو گمراہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے بنیادی حقوق سے انکار ، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں،اجتماعی گرفتاریاں،جنسی تشدد اور آبادیاتی تبدیلیاں جیسے اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق پامال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نہ صرف خطے میں ریاستی دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے بلکہ پاکستان کے اندر حملوں کے لئے دہشتگرد گروہوں جیسے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی )، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)اور مجید بریگیڈ کو مالی اور عملی مدد فراہم کر رہا ہے ، جن کے حملوں میں ہزاروں پاکستانی شہری شہید ہو چکے ہیں۔ پاکستانی مندوب آصف خان نے کہا کہ بھارت کا دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کھوکھلا ہے کیونکہ وہاں آر ایس ایس۔

بی جے پی نظریے نے اسلاموفوبیا کو ادارہ جاتی شکل دے دی ہے اور اقلیتوں پر ظلم و ستم کو ریاستی پالیسی بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل میں اجاگر کر چکی ہیں۔ پاکستانی مندوب نے کہاکہ مئی میں بھارت نے پاکستان کے خلاف بلااشتعال جارحیت کی، جس میں عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاکستان نے اس حملے کا ذمہ دارانہ انداز میں جواب دیا جس میں صرف بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا،جس میں بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، جن میں متعدد جنگی طیارے تباہ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے طاقتور مگر ذمہ دارانہ مؤقف اپنایا، جسے بین الاقوامی ثالثی کے ساتھ ایک بڑے تصادم کو روکا گیا۔پاکستانی مندوب آصف خان نے کہا کہ پاکستان بھارت کی منافقت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتا رہے گا، اس کی ریاستی دہشتگردی کی مخالفت جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کی انصاف، وقار اور آزادی کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی حمایت کرتا رہے گا۔