پیپلزپارٹی ایک بار پھر عوامی مینڈیٹ سے شاندار فتح حاصل کر کے حکومت سازی کرے گی ،شوکت جاوید میر

پیپلزپارٹی کو بحیرہ عرب میں ڈبونے کی لاف زنی اور بڑھکیں مارنے والے اپنا عبرتناک انجام خود دیکھ لیں گے

اتوار 9 نومبر 2025 14:50

�ظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت جاوید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی ایک بار پھر اللہ کے کرم ، عوام کے مینڈیٹ سے شاندار فتح حاصل کر کے حکومت سازی کرے گی ، جس کے بعد تحریک آزادی کشمیر ، تعمیر و ترقی ، روزگار ، صحت، تعلیم کے ساتھ ساتھ چہروں کے بجائے فرسودہ نظام کی تبدیلی ،انقلابی منشور پر عمل کرتے ہوئے رشوت ، سفارش، میرٹ کی پامالی ، لوٹ کھسوٹ کے تمام دروازے ہمیشہ کیلئے بند کر دے گی،مسلم لیگ (ن) بھان متی کا کنبہ ہے جو بھانت بھانت کی بولیاں بول کر اپنے اندرونی انتشار پر پردہ پوشی کی کوشش کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کیخلاف دن رات ہرزہ سرائی میں مصروف ہے، پیپلزپارٹی کو بحیرہ عرب میں ڈبونے کی لاف زنی اور بڑھکیں مارنے والے اپنا عبرتناک انجام خود دیکھ لیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کیا، شوکت جاوید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے وزراء سے چوتھی بار استعفے تو لے نہیں سکے ، مفت مشورے پیپلزپارٹی کی قیادت کو دیتے ہیں،مہاجرین کی نشستوں کو اپنی کامیابی سے تعبیر کرنے والے اب بوکھلاہٹ میںہاتھ پائوں مار رہے ہیں،ان کی پالیسیاں ہاتھی کے دانت ہیں کھانے کے اور دکھانے کے اور، پیپلزپارٹی کی بنیا دقائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہی خالق کی رضا اور مخلوق خدا کو آسانیاں باہم پہنچانے کیلئے رکھی تھی ،اسی وجہ سے آج بھی زندہ ہے بھٹو زندہ ہے کے فلک شگاف نعرے ، ضیاء آمریت اور مشرف باقیات غیر جمہوری قوتوں کے عاشیہ برداریوں کیلئے ڈیتھ وارنٹ ہیں، پاکستان میں 1973ء کا متفقہ آئین ، ایٹمی پروگرام کی بنیاد ، کامیاب کشمیر اور خارجہ پالیسیوں کی ابتداء عالمی برادری سے باہمی احترام کے رشتوں کا آغا ز آج بھی پاکستانی قوم کیلئے انمول تحفہ ہیں، شوکت جاوید میر نے کہا کہ پیپلزپارٹی سنگ پارس بھی ہے اور سلاٹر ہائوس بھی ، جو وفاشعاری کے ذریعے پارٹی نظریات سے وابستہ رہتے ہیں و ہ آسمان سیاست کے عروج تک پہنچنے کی تاریخ رقم کر لیتے ہیںاور جن شخصیات نے داغا بازی اور بے وفائی سے دھوکہ دیاوہ مصطفی کھر ، مصطفی جتوئی ، فاروق لغاری ، جام صادق کی طرح گمانیوں کی دلدل میں دھنس جاتے ہیں ، پیپلزپارٹی آج بھی متوسط طبقے کے نظریاتی کارکنوں اور عوامی خوشحالی ، قومی وقار ، ریاستی تشخص کا مضبوط سائبان ہے ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی صلاحیت ،اہلیت ، کارکردگی ، عالمی اُمور پر دسترس رکھنے کی بناء پر پوری دنیا میں پاکستان کا روشن چہرہ ہیں، اس لیے قوم انہیں وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز کرنے کیلئے دو تہائی اکثریت سے بیلٹ کی قوت دے کر اپنے شعور اور آنے والے تابناک مستقبل کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرے ، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو نے 11 سال تک بدترین مارشل لاء کے خلاف اپنی والدہ محترمہ ، مادر جمہوریت محترمہ نصرت بھٹو کے ساتھ طویل ترین جدوجہد کی ، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، انتقامی کارروائیوں اور مقدمات کا سامنا کیا ، لاٹھی چارج سے ان کے سر پھاڑ دیئے گئے لیکن وہ اپنے وطن عزیز کے وقار اور عوامی مفادات ، جمہوریت کے استحکام ، آئین کی بالادستی سے کبھی دستبردار نہیں ہوئیں ، بے نظیر بھٹو شہید پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند رکھنے ، دہشت گردوں کو شکست فاش دینے کی خاطر اپنی جان جانے آفریں کے سپرد کر دی اور آخر کار پاکستان میں امن آتشی اور اس کے عوام کو سکھ کا سانس حاصل ہوا، شوکت جاوید نے کہا کہ پیپلزپارٹی ناقابل تسخیر دفاع اور ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو پسپا کرنے کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کے شانہ بشانہ قربانیوں کیلئے پہلے بھی کلیدی کردار ادا کر چکے ہے اب بھی ہر اول دستہ ثابت ہوئی ہے اور مستقبل میں بھی جانوں کے نذرانے پیش کرکے وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان کی مٹی ماں کا حق ادا کرتی رہے گی، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کی ضامن کشمیری قوم کی شہادتیں افواج پاکستان کی ترجیحات اور عوام کی لازوال جدوجہد کا پیغام ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ہارس ٹریڈنگ ، لوٹا کریسی، ضمیر فروشی ، سیاسی بدعہدی کے بڑھتے ہوئے کلچرنے ریاست کی نیک نامی کو بدنامی کے دھبے لگا دیئے ہیں، عوام عام انتخابات میںمحض اقتدار کی خاطر اپنی تجوریاں بھرنے اور جائیدادیں بنانے کیلئے ضمیر کے سوداگروں کو زیرو پر ناک آئوٹ کریں گے، شوکت جاوید نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے سات ارب روپے سے زائد فی حلقہ دینے کا جو انکشاف کیا ہے وہ سارے لوٹ کھسوٹ کی نذر ہوئے اور یہی انوارالحق کی کابینہ پر ان کے قائد ایوان کی چارج شیٹ ہے ، تاہم احتساب بیورو کو عضو معطل بنانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ نہ احتساب ہو اور نہ قومی وسائل کو لوٹنے والوں سے کوئی باز پرس کی جا سکے، وفاقی حکومت نے تمام پارلیمانی پارٹیوں کو اعتماد میں لے کر جو آئینی ترامیم کی ہیں، اس سے افواج پاکستان کی قوت میں اضافہ ہوا ہے ، اس وقت بھارت جارحیت کی دھمکیاں دے رہا ہے اور افغانستان نے عملاً دہشت گردی شروع کر رکھی ہے ، ایسے حالات میں افواج پاکستان کو ہر طرح کی سپورٹ فراہم کرنا اور مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی سے اندرونی ، بیرونی سازشوں کا مقابلہ ممکن ہے ، پاکستانی ، کشمیری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خودارادیت دلوانے کیلئے مضبوط ، خوشحال ، جمہوری مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے ، کشمیری عوام پاکستان اور افواج پاکستان کو اپنی ریڈ لائن جب کہ سبز ہلالی پرچم کو اپنی خود داری کا ترجمان قرار دیتے ہیں-