ْپی ٹی آئی افسانہ بنا رہی ہے تاکہ اپنے لیڈر کو این آر او کے ذریعے رہا کروائیں‘ احسن اقبال

ہفتہ 14 فروری 2026 22:09

ْپی ٹی آئی افسانہ بنا رہی ہے تاکہ اپنے لیڈر کو این آر او کے ذریعے رہا ..
نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2026ء) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت کسی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، انتقام تو وہ ہے جو پی ٹی آئی نے اپنی اپوزیشن سے لیا تھا، میں آپ کے سامنے اس کا نمونہ کھڑا ہوں، جب مجھے بازو پر گولی لگی، دوسری سرجری ہوئی اس کے تیسرے دن مجھے گرفتار کر لیا گیا، میرا ٹیرھا بازو بانی پی ٹی آئی کی انتقامی سیاست کی نشانی ہے،آج بانی پی ٹی آئی اِس کوٹھری میں ہیں جس میں مجھے رکھا ہوا تھا، وہ کوٹھڑی میرے لئے بحیثیت ملزم ٹھیک تھی تو عمران خان تو سزا یافتہ قیدی ہیں،ہم طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ دے کر جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں گے تاکہ وہ محنت کر کے ترقی کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف نارووال میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 300 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کے لئے تو تمام سہولتیں موجود ہیں،من پسند کا کھانا ملتا ہے، ورزش کا سامان موجود ہے، انہیں وہ تمام سہولتیں میسر ہیں جو پاکستان میں کسی قیدی کو نہیں ہیں، پی ٹی آئی افسانہ بنا رہی ہے تاکہ اپنے لیڈر کو این آر او کے ذریعے رہا کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کسی سیاسی مقدمہ میں گرفتار نہیں کیا گیا ، ان کو 190 ملین خورد برد میں سزا ہوئی ہے، پی ٹی آئی کو اپنے رہنما کی رہائی کی بجائے اپنے رہنما کا گریبان پکڑنا چاہیے کہ آپ ہمیں کرپشن کے خلاف درس دیتے تھے آپ پاکستان کی سب سے بڑی کرپشن کے ملزم نکلے ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما سوائے اِس کے بانی پی ٹی آئی این آر او کے ذریعے رہائی چاہتے ہیں، اِس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کی طبعی یا میڈیکل کنڈیشن پر جو مستند رائے ایک ڈاکٹر کی ہو سکتی ہے وہ وکیل کی نہیں ہوسکتی۔

سپریم کورٹ کی ہدایات پر حکومت نے عمل کیا ہے ان کو بہترین سہولیات میسر ہیں، ہمیں تو جیل کے اندر ان سہولیات کا سوا ںحصہ میسر نہیں تھیں جو بانی پی ٹی آئی کو حاصل ہیں، بانی پی ٹی آئی تو فائیو سٹار جیل کاٹ رہے ہیں۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی امریکہ میں کھڑے ہو کر کہتے تھے، قید تو قید ہوتی ہے، کہتے تھے نواز شریف کا اے سی اتروائوں گا، اللہ تعالی کی پکڑ ہے جو انہوں نے کردار کشی کی، بہتان ہم پر لگائے، بانی پی ٹی آئی کو اللہ تعالی سے معافی مانگنی چاہیے جو انہوں نے اپنے مخالفین پر ظلم کئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی آف نارووال پاکستان سمیت دنیا بھر میں کسی سے کم نہیں ، تعلیم آپ کو طاقت دیتی ہے تو دنیا میں کیوں پیچھے رہ جائیں۔ پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے چراغ روشن کر دیئے تو کوئی آپ سے امتیازی سلوک نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لاکھوں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں ، یہ لیپ ٹاپ سیاسی بنیادوں پر نہیں دیے گئے بلکہ آپ کومیرٹ پر دیئے گئے ہیں ۔

آج جن طلبہ کو لیپ ٹاپ میرٹ پر مل رہے ہیں یہ ہے میرٹ کا پاکستان، یہ پاکستان کا میرٹ ہے ،پاکستان پر میرٹ پر عملدرآمد ہوتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے اندر چپے چپے میں ترقی کے منصوبے (ن)لیگ نے لگائے ، یہ وہ ملک ہے جس میں 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، دہشتگردی تھی، جس کو ہم 2018 میں ختم کیا ،چند ججوں، جرنیلوں نے سازش کر کے اس ملک کی ترقی کو چھیننے کی کوشش کی۔

جو لوگ دعوے کرتے تھے ہم نیا پاکستان بنانے کے ٹھیکیدار ہیں انہوں نے ترقی کے جو منصوبے 2018 میں موجود تھے ان منصوبوں کو روک دیا ،اب ہماری حکومت میں ترقی کے منصوبے دوبارہ شروع ہوئے ہیں۔ بنک آف پنجاب کے صدر سے کہا ہے کہ ہر طالب علم کو آسان قسطوں میں لیپ ٹاپ ملنے چاہئیں۔یونیورسٹی آف نارووال اس لیپ ٹاپ سکیم کی سہولت حاصل کرنے والی پہلی یونیورسٹی ہو گی ، اس یونیورسٹی آف نارووال کی ریسرچ دنیا کے اندر شائع ہو گی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاہم وہ نہیں ہیں جو آپ کو کٹے کٹیاں دیں گے ، ہم آپ کو قابل بنائیں گے، لیپ ٹاپ دیں گے اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں گے۔ میں سیاست میں دولت کے بل بوتے پر نہیں آیا تعلیم کے ساتھ آیا ہوں بلوچستان کے اندر ،گلگت، ہزارہ، سندھ کے اندر پاکستان کے ہر پسماندہ ضلع میں یونیورسٹی کے کیمپس کھولے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا ایک فتنہ ہے، جھوٹ ہے،نوجوان لیپ ٹاپ کے ذریعے محنت کر کے لاکھوں روپے کما سکتے ہیں اسی طرح تعلیم کے ساتھ مغرب نے بھی ترقی کی ہے۔