پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ایک بار پھر سندھ میں دوہرا نظام نافذ کرنا چاہتی ہیں، سید زین شاہ

اگر سندھ کی جغرافیائی تقسیم یا دوہرا نظام مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور عوامی تحریک چلائی جائے گی، جیکب آباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو

منگل 28 اپریل 2026 19:25

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2026ء) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ایک بار پھر سندھ میں دوہرا نظام نافذ کرنا چاہتی ہیں جو ون یونٹ کی طرز پر مقامی نظام کو وفاق کے حوالے کرنے کی کوشش ہے اگر سندھ کی جغرافیائی تقسیم یا دوہرا نظام مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور عوامی تحریک چلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

جیکب آباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن ہر سال بڑھ رہی ہے خصوصاً محکمہ صحت میں صورتحال تشویشناک ہے جہاں سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے سرکاری اسپتال میں 45 مشینیں خراب پڑی ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اقتدار کے لیے سندھ کے وسائل کا سودا کیا سمندر، دریا اور زمینیں فروخت کی گئیں، سید زین شاہ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے حکمرانوں کو احتساب سے بچایا ہوا ہے ورنہ جیکب آباد سے بدین تک آدھے سے زیادہ ارکان اسمبلی اور وزراء جیل میں ہوتے، انہوں نے کہا کہ چور دروازے سے آنے والی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے اور آئینی ترامیم کے ذریعے نظام کو کمزور کیا جا رہا ہے، انہوں نے جوڈیشل مارشل لا کے خلاف تحفظ آئین پلیٹ فارم سے تحریک چلانے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے مزید کہا کہ اگر 2024 کی جعلی حکومت ختم نہ ہوئی تو ملک کو شدید نقصان پہنچے گا، انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک سے خراب تعلقات اور ذخیرہ اندوزی کے باعث کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں، فصلوں کو مناسب قیمت نہیں مل رہی جبکہ کھاد، بیج اور ادویات کی قلت نے زراعت کو تباہ کر دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں بدامنی بڑھ رہی ہے، سکھراورروہڑی کے واقعات سب کے سامنے ہیں جبکہ کراچی میں روزانہ ہزاروں وارداتیں ہو رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے دعوے محض خواب ہیں اور بیرونی سرمایہ کاری آنے کے امکانات کم ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں آدھی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں، صوبے میں منشیات کا کاروبار عروج پر ہے جس میں بعض بااثر عناصر ملوث ہیں جبکہ پولیس سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات درج کرکے دباؤ بڑھا رہی ہے ، اس موقع پر مرکزی رہنما روشن برڑو، ضلعی صدر مقبول لاشاری سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔