معرکہ حق نے پاکستان کے وقار، غیرت اور دفاعی صلاحیت کو دنیا پر آشکار کر دیا ،رہنما ن لیگ

منگل 5 مئی 2026 20:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مرکزی سینئر نائب صدر اور رکن پنجاب اسمبلی رانا احمد شہریار نے کہا ہے کہ 6 اور 7 مئی 2025 کی تاریخی رات پاکستان کی قومی غیرت، وقار اور دفاعی خودمختاری کی روشن علامت بن چکی ہے جب دشمن کی میلی آنکھ کو ایسا جواب دیا گیا کہ پوری دنیا پر واضح ہو گیا کہ پاکستانی قوم جھکنا نہیں جانتی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص محض ایک عسکری جھڑپ نہیں تھی بلکہ یہ ”معرکہ حق“ تھا جس نے ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک مضبوط، متحد اور خوددار قوم ہے جو اپنے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔ رانا احمد شہریار نے کہا کہ معرکہ حق کی برسی صرف ایک واقعے کو یاد کرنے کے لیے نہیں بلکہ اپنی قومی غیرت، وقار اور خودداری کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھائی تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بری فوج، فضائیہ اور بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں سے ثابت کیا کہ ملکی سرحدوں کا دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جو ہر لمحہ مادروطن کے دفاع کے لیے تیار رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اب یہ حقیقت جان چکی ہے کہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والا ہمیشہ منہ کی کھائے گا۔ انہوں نے وطن عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کا سرمایہ و افتخار ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ رانا احمد شہریار نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہیں اور شہید کی موت قوم کی حیات ہوتی ہے ۔

انہوں نے قومی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشکل ترین حالات میں ذمہ دارانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کی درست سمت میں رہنمائی کی۔ انہوں نے دشمن کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا بلکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے، تاہم امن ہمیشہ طاقتور اور باوقار اقوام کا مقدر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، اس کی قوم متحد ہے اور اس کی افواج ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قومی اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو ہمیشہ زندہ رکھیں اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔