Live Updates

ایران اور امریکہ کے درمیان سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے،بلاول بھٹو

امریکہ کی آپریشن فریڈم پالیسی ٹھیک نہیں، آبنائے ہرمز میں مزید عسکری سرگرمیوں سے صورتحال پیچیدہ ہو سکتی ہے، انٹرویو

منگل 5 مئی 2026 21:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خطے میں جنگ نہیں، سفارت کاری ہی امن کا واحد راستہ ہے، ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے حل کیلئے سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں جنگ بندی کو نافذ کرنا آسان نہیں ہوتا،جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور اس میں توسیع کرنا سب فریقین کی ذمہ داری ہے، تنازع کے حل کیلئے بات چیت اور سفارت کاری کا جاری رہنا انتہائی ضروری ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تیل کی سپلائی متاثر ہونے سے پوری دنیا مہنگائی کا شکار ہو رہی ہے، اسلام آباد تمام فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہے، پاکستان اعتماد سازی کے اقدامات کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، ایرانی عملے کی واپسی جیسے اقدامات مثبت سفارتی پیش رفت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حالیہ حملے قابل مذمت ہیں، امن کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں، کسی بھی فریق کی جارحیت جنگ بندی کو کمزور کرتی ہے، ایران کے کچھ اقدامات خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بنے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکہ کی آپریشن فریڈم پالیسی ٹھیک نہیں، فوجی طاقت مسئلے کا حل نہیں، آبنائے ہرمز میں مزید عسکری سرگرمیوں سے صورتحال پیچیدہ ہو سکتی ہے، جلد ہی ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات