Live Updates

معرکہ حق میں جارحیت کا بھرپور دفاع کیا، بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہاہے، اسحاق ڈار

پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ،مقصد کے لیے سفارت کاری کو فروغ دے رہا ہے، نائب وزیراعظم

منگل 5 مئی 2026 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے معرکہ حق کے دوران بھارت کی جارحیت کا بھرپور دفاع کیا اور اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا تحفظ یقینی بنایا۔وفاقی دارالحکومت میں سفرا اور ڈپلومیٹک کور سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے پہلگام حملے کا الزام بغیر ثبوت پاکستان پر عائد کیا، جو سیاسی مقاصد پر مبنی تھا۔

انہوں نے کہا کہ سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے موثر اور دلیرانہ ردعمل دیا، جبکہ پاک فضائیہ نے دشمن کے طیارے مار گرائے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو خطے کے امن کیلئے خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور اس مقصد کیلئے سفارت کاری کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں فعال کردار ادا کر رہا ہے جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم اور اقتصادی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارمز پر علاقائی روابط کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔اسحاق ڈار نے مشرق وسطی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین کیلئے 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر مبنی دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثالثی میں47سال بعد ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کا انعقاد ممکن ہوا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات