پاکستان اور آذربائیجان مذہبی، ثقافتی، تاریخی اور عوامی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، چیئرمین سینیٹ

جمعرات 14 مئی 2026 21:04

پاکستان اور آذربائیجان مذہبی، ثقافتی، تاریخی اور عوامی رشتوں میں بندھے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات محض سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی، تاریخی اور عوامی رشتوں میں بندھے ہوئے برادر ممالک ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آذربائیجان کے یوم آزادی کے حوالے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں آذربائیجان کے سفیر اور ان کی اہلیہ، وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، سپیکر و ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کے عوام اور قیادت کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے حقیقی شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کو بھارتی جارحیت کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی تو آذربائیجان کے عوام نے اسی جوش و جذبے سے جشن منایا جیسے یہ فتح ان کی اپنی ہو۔انہوں نے کہا کہ انہیں آذربائیجان کے صدر اور پارلیمانی قیادت سے متعدد ملاقاتوں کا موقع ملا جن میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور عالمی فورمز پر مشترکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی یو اور ایشین پارلیمنٹری اسمبلی جیسے بین الاقوامی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ اقدار نمایاں ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اس بات پر خوش ہے کہ آذربائیجان اسلام آباد میں جدید فن تعمیر اور ترقیاتی وژن متعارف کرا رہا ہے۔ انہوں نے آذربائیجان کے صدر کی جانب سے موجودہ سال کو فن تعمیر کا سال قرار دینے کے اقدام کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ عوامی اور تجارتی روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ آذربائیجان کے صدر نے انہیں آگاہ کیا کہ پاکستان کے لیے ہفتہ وار 11 پروازیں شروع کی جا چکی ہیں جو اسلام آباد اور لاہور کے لیے دستیاب ہیں جبکہ ان کے کرائے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم رکھے گئے ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کو سہولت میسر آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے آذربائیجان کا سفر تین گھنٹے سے بھی کم وقت میں طے ہو جاتا ہے اور مستقبل میں پروازوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ سیاحت اور عوامی روابط کو فروغ مل سکے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر نے انہیں باکو میں موجود تاریخی ملتانی کارواں سرائے کے بارے میں بھی بتایا جس کی تاریخ سات سو سال پر محیط ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقام اس تاریخی حقیقت کی علامت ہے کہ برصغیر خصوصا ملتان سے تعلق رکھنے والے تاجر سلک روٹ کے ذریعے آذربائیجان آتے تھے۔ اس تاریخی ورثے کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیسکو نے بھی اس مقام کو خصوصی اہمیت دی ہے اور اس کا نام آج تک تبدیل نہیں کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان آذربائیجان دوستی زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔