سندھ حکومت کا سالانہ بجٹ 3500ارب لیکن کارکردگی صفر،نا اہلی و کرپشن عروج پر ہے، سیف الدین ایڈووکیٹ

کراچی کی ترقی میں اس وقت سب سے بڑی رکاوٹ پی پی حکومت اور قاسبض مئیر ہیں،جناح ٹاؤن میں سڑکوں کا افتتاح سندھ حکومت و مئیر رکاوٹیں نہ ڈالیں تو ایک ایک مسئلہ حل کردیں،ایم کیو ایم نے کوارٹرز کے لوگوں کاکوئی مسئلہ حل نہیں کیا

منگل 26 مئی 2026 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2026ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کا سالانہ بجٹ 3500ارب روپے ہے لیکن اسکی کارکردگی صفر اور نا اہلی و کرپشن عروج پر ہے، جبکہ دوسری طرف جماعت اسلامی کا ایک ٹاؤن جس کا بجٹ بمشکل ایک ارب روپے ہے،اسی میں وہ تنخواہیں بھی اداکرتا ہے اور ترقیاتی کام بھی کرائے جاتے ہیں،سندھ حکومت اور مئیر رکاوٹیں نہ ڈالیں تو ایک ایک مسئلہ حل کردیں،کراچی کی ترقی میں اس وقت سب سے بڑی رکاوٹ پیپلز پارٹی کی حکومت اور قابض مئیر ہیں،سر کاری کوارٹرز کے لوگوں کو ایم کیو ایم نے ہمیشہ جھوٹے وعدوں سے بے وقوف بنایا، ہر حکومت میں شامل ہونے کے باوجود ایم کیو ایم نے کوئی مسئلہ حل نہیں کیا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی نے اپنے 18سالہ دور میں کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے، اس وقت شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، جگہ جگہ سیوریج کا پانی بہہ رہا ہے، نصف سے زائد آبادی پینے کے پانی سے محروم ہے،کراچی سندھ کے بجٹ کا 95فیصد اداکرتا ہے، لیکن اہل کراچی پھر بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے جناح ٹاؤن یوسی 1 پاکستان کوارٹرز میں مسجد الفردوس تا الماری والی گلی اور منگل داس کمپاؤنڈ بلاکE میں سڑکوں کی ازسرِنو تعمیر کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

افتتاحی تقریب میں ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع، سابق رکنِ قومی اسمبلی محمد حسین محنتی، اراکینِ کونسل راؤ محسن، ٹاؤن کونسلر اسمعیل بلوچ، چیئرمین یوسی 5 کلیم الحق عثمانی، جماعت اسلامی کے علاقائی عہدیداران، معززینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے ترقیاتی کاموں کو علاقہ مکینوں کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے بلدیاتی نمائندوں کی کاوشوں کو سراہا۔

سیف الدین ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہجماعت اسلامی شہر کو بحال کرنا اور اس کی رونقیں دوبارہ لوٹانا چاہتی ہے،جماعت اسلامی کے عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے ادوا ر میں کراچی میں بے مثال ترقیاتی کام ہوئے، نوجوان حق دو کراچی تحریک میں جماعت اسلامی کا دست وبازو بنیں اور کراچی کے مسائل حل کرنے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،جدوجہد کرنے سے ہی مسائل حل ہونگے، گزشتہ بلدیاتی الیکشن میں اہل کراچی نے جماعت اسلامی کو سب سے زیادہ ووٹ دیئے لیکن پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے دھونس دھاندلی سے پہلے ہماری جیتی ہوئی یونین کمیٹیز اور 4ٹاؤنز چھینے اور پھر میئر شپ پر بھی قبضہ کرلیا،اسی وجہ سے اس وقت کراچی کی صورتحال انتہائی ابتر ہے،پہلے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا پھر عام انتخابات میں ایم کیوایم‘ جو کراچی سے ایک پولنگ بوتھ تک نہ جیت سکی لیکن اس کو درجنوں کے حساب سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی سیٹیں دے دی گئیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اپنے 9ٹاؤنز میں محدود وسائل و اختیارات میں دن ورات ترقیاتی کام اور اہل کراچی کی خدمت کررہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت سے وسائل واختیارات لینے کی بھی جدوجہد کررہے ہیں، اگر سندھ حکومت ٹاؤنزکے بجٹ میں تھوڑ ا سا بھی اضافہ کردے تو ہم اپنی یوسی کی ایک ایک اندرونی گلی کو بھی بنادیں گے اور پانی سمیت تمام مسائل حل کردیں گے، لیکن پیپلز پارٹی نے سارے اداروں پر قبضہ کررکھا ہے اور وسائل واختیارات دینے کوتیار نہیں، اس کے باوجود جماعت اسلامی دیانت وامانت کے ساتھ اہل کراچی کے مسائل حل کررہی ہے ،کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ پیپلز پارٹی ہے یہ دور ہو جائے تو سب مسئلے حل ہو جائیں۔