ملکی سلامتی کا تحفظ پائیدار امن اور ترقی وخوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے،فرح ناز اکبر

پارٹی قائدین پاکستان کی معاشی خوشحالی و استحکام کیلئے اپنی بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے،پارلیمانی سیکرٹری

اتوار 26 جولائی 2026 16:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2026ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدرو رکن قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری قومی ورثہ و ادب فرح ناز اکبرنے کہاہے کہ ملکی سلامتی کا تحفظ اور پائیدار امن و تعمیر وترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے،بلوچستان،خیبرپختونخوا اور افغانستان میں موجود دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیں بھی دہشتگردی کو مکمل کچلنے کی خاطر جاری ہیں اسی سے خطہ میں پائیدار امن کا قیام ممکن ہوگا۔

جاری اپنے بیان میںانہوںنے کہاکہ مسلم لیگ(ن)نے ہمیشہ قوم کی خدمت کو اولین ترجیح دی ہے ،پارٹی قائدین پاکستان کی معاشی ،خوشحالی و استحکام کیلئے اپنی بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ وفاقی اور پنجاب حکومت ملک قوم کو درپیش موجودہ تمام بحرانوں سے نکال رہی ہے اور اس عمل میں مسلم لیگ(ن) کے ورکرز بھی اپنے قائدین کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں،وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو معاشی مشکلات کی دلدل سے نکال کر تعمیر وترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے،انشاء اللہ پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہورہاہے ۔

(جاری ہے)

فرح ناز اکبر نے مزید کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے قائدین کا ویژن ہمیشہ سے عوامی خدمت،معاشی استحکام اور ملکی تعمیر و ترقی کی علامت رہاہے اور اسی ویژن پر چلتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت نے مشکل حالات اور مخالفین کی منفی سیاست کے باوجود ملکی معاشی استحکام،عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے عملی اقدامات کرکے تعمیر وترقی وخوشحالی کا سفر جاری رکھاہواہے جس سے عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کے ثمرات بتدریج ہر شہری تک پہنچ رہے ہیں ۔

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے کہاکہ پاکستا ن مسلم لیگ(ن) کی قیادت کی حب الوطنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں وہ اپنا سب کچھ پاکستان پر قربان کرنے کا عزم رکھتی ہے جبکہ پاکستان کے مفادات سے کھیلنے اور قومی عسکری اداروں پر حملے کرنے والی قیادت اور اُن کے حواری ملک میں انارکی و انتشار کی نذر کرنے کی مسلسل سازشیں کررہے ہیں جنہیں کامیاب نہیںہونے دیاجائے گا، پی ٹی آئی کی سازش ناکام ہوگی ،توشہ خانہ اور القادرٹرسٹ میں اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے کو صادق و امین قرار دینے والوں کے عزائم بھی واضح ہوگئے ہیںپاکستان کے مفادات سے کھیلنے والوں کے چہرے قوم اچھی طرح پہچان چکی اب ان کے کسی جھانسے میں ہر گز نہیں آئے گی۔