شرجیل انعام میمن کی جانب سے اسلام آباد میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد

صدر آصف علی زرداری نے قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود کبھی اپنے جمہوری اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، صدر پیپلز پارٹی خواتین ونگ فریال تالپور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوری مشن کو صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں مزید آگے بڑھاتی رہے گی، شرجیل انعام میمن صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان کی صحت، درازی عمر، قومی سلامتی، جمہوریت کے استحکام اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں

اتوار 26 جولائی 2026 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2026ء) سینئر وزیر سندھ برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی جانب سے اسلام آباد میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فریال تالپور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماں، وفاقی و صوبائی وزرا، اراکین پارلیمنٹ اور پارٹی عہدیداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس موقع پرفریال تالپور، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور دیگر معزز شرکا نے صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان کی صحت، درازی عمر، قومی سلامتی، جمہوریت کے استحکام اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ندیم افضل چن، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول مکیش کمار چاولہ، وزیر محنت سعید غنی، وزیر ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ، وزیر صنعت جام اکرام اللہ دھاریجو، وزیر آبپاشی و منصوبہ بندی جام خان شورو، وزیر تعلیم سید سردار شاہ، بابل خان بھیو، ریاض شاہ شیرازی، اراکین قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ اور عبدالقادر پٹیل، اراکین سندھ اسمبلی قاسم سراج سومرو، امداد پتافی، صلاح الدین جونیجو، ممتاز چانگ، علی احمد جان، ارباب لطف اللہ، عاجز دھامراہ، سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر ندیم بھٹو سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ فریال تالپور نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم، این ایف سی ایوارڈ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)، صوبہ سرحد کو خیبر پختونخوا کا آئینی نام دینا اور گلگت بلتستان کو آئینی و انتظامی حقوق کی جانب پیش رفت صدر آصف علی زرداری کے تاریخ ساز کارنامے ہیں جنہوں نے وفاق کو مضبوط، جمہوریت کو مستحکم اور عوام کے حقوق کو یقینی بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود کبھی اپنے جمہوری اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے ہمیشہ مشکل ترین سیاسی حالات میں مفاہمت، برداشت اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا اور ہر موقع پر قومی مفاد کو ترجیح دی۔ فریال تالپور نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت، تدبر اور دور اندیش قیادت نے ملک کو متعدد قومی بحرانوں سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوری مشن کو صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مزید آگے بڑھاتی رہے گی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں جمہوری ادارے مزید مضبوط ہوں گے اور پاکستان ترقی، استحکام، قومی یکجہتی اور خوشحالی کی راہ پر مزید تیزی سے گامزن ہوگا۔