وفاقی حکومت کا پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی کو کام جاری رکھنے کا گرین سگنل، عبوری کمیٹی کو ذکاء اشرف کی مالی بے ضابطگیوں کی انکوائری بھی جلد مکمل کرنیکی ہدایت، ذرائع

جمعرات 16 جنوری 2014 03:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جنوری۔2013ء) وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے برطرف چیئرمین چوہدری ذکا اشرف کی بحالی کے فیصلے کے بعد پی سی بی کی عبوری انتظامی کمیٹی کو نگران چیئرمین نجم سیٹھی کی سربراہی میں کام بد ستور جاری رکھنے کا گرین سگنل دیدیا ہے جبکہ کمیٹی کو چوہدری ذکا اشرف کیخلاف مالی بے ضابطگیوں کی انکوائری بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

ذمہ دار حکومتی ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں ہونیوالی مبینہ مالی بے ضابطگیوں پر گزشتہ سال اکتوبر میں سینئر صحافی نجم سیٹھی کی سربراہی میں بورڈ کی عبوری کمیٹی قائم کر دی تھی جسے بورڈ میں ہونیوالی مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرنے کے بھی احکامات جاری کئے تھے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ18ویں آئینی ترمیم کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف کے اختیارات صدر مملکت کی بجائے وزیر اعظم کے پاس چلے گئے تھے اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ہدایت پر ہی پی سی بی کی عبوری کمیٹی نجم سیٹھی کی سربراہی میں قائم کی گئی تھی ۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بحال کئے جانیوالے چوہدری ذکاء اشرف کیلئے بطور پی سی بی چیئرمین کام کرنا بہت مشکل ہو گا کیونکہ ایوان صدر میں اب آصف زرداری کی بجائے ممنون حسین صدر مملکت ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی بھی وزیر اعظم کے احکامات کی روشنی میں بورڈ میں ہونیوالی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی انکوائری بھی کر رہی ہے اور اسی لئے وزیر اعظم کی جانب سے عبوری انتظامی کمیٹی کی مدت میں 90دن کی توسیع بھی کی گئی تھی تاکہ تمام معاملات کواحسن انداز میں مکمل کیا جا سکے ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ذکاء اشرف کی کی بحالی کے فیصلے سے بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی متاثر نہیں ہو گی جسے وفاقی حکومت نے بدستور اپنا کام جاری رکھنے کا گرین سگنل دیدیا ہے ۔