بھارت میں سکھوں کے قتل عام میں برطانیہ کا کردار،ڈیوڈ کیمرون نے تحقیقات کا حکم دیدیا، مارگریٹ تھیجر کے خلاف الزام کی تحقیقات کی جائے گی،برطانوی وزیراعظم کا اعلان

جمعرات 16 جنوری 2014 03:53

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جنوری۔2013ء)برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے سابق برطانوی وزیراعظم مارگریٹ تھیجر کی بھارت میں 1984ء کے دوران سکھوں کے خلاف کار روائی میں ملوث ہونے کے الزام کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ تحقیقات کا حکم برطانیہ کی نیشنل آرکائیو کی جانب سے خفیہ دستاویزات ظاہر کئے جانے کے بعد دیا گیا۔

(جاری ہے)

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی ائیر فورس کی اسپیشل ائیر سروسز نے سابق وزیر اعظم مار گریٹ تھیچر کے حکم پر 1984ء میں سکھوں کے خلاف ہونے والے آپریشن بلیو اسٹار میں بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی مدد کی تھی۔

دو برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے مطالبے پر ڈیوڈ کیمرون نے ہنگامی بنیادوں پر اس واقعہ کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔ آپریشن بلیو اسٹار میں ایک ہزار سے زائد سکھوں کا قتل عام ہوا تھا۔برطانیہ کے ایک وزیر نے اس ریکارڈ کی وجہ سے انکشافات کئے تھے جس پر برطانوی حکومت میں کھلبلی مچی اور وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیدیا۔