عراق، بغداد میں بم دھماکوں میں19افراد ہلاک،30سے زائد زخمی

جمعرات 6 فروری 2014 02:01

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6فروری۔2014ء)عراق کے دارالحکومت بغداد میں وزارت خارجہ کے سامنے ایک کار بم دھماکے سمیت تین دھماکوں میں کم از کم19افراد ہلاک اور30سے زائد زخمی ہوگئے،یہ بات سیکورٹی اور ہسپتال حکام نے بدھ کے روز کہی۔دو سیکورٹی عہدیداروں اور ایک ہسپتال ذریعہ کے مطابق دھماکے جن میں ایک ریسٹورنٹ اور گاڑیوں کے سپےئرپارٹس کی ایک مارکیٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا صبح کے اوقات میں رش کے دوران ہوئے۔

ریسٹورنٹ پر ہونے والا حملہ خودکش بم دھماکہ تھا جبکہ دو دیگر دھماکے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑیوں کے ذریعے کئے گئے۔

(جاری ہے)

وسطی بغداد میں وزارت خارجہ کے اردگرد کا علاقہ ماضی میں بم دھماکوں کی زد میں رہ چکا ہے،بالخصوص اگست2009ء میں جب ایک بڑے پیمانے پر ٹرک بم کے دھماکے سے عمارت تباہ ہوگئی تھی اور 2012ء میں عراقی دارالحکومت میں عرب اجلاس سے قبل دوبارہ اسے نشانہ بنایا گیا تھا۔

دھماکے عراقی دارالحکومت کے شیعہ اور سنی آبادی والے ملے جلے علاقوں میں ہوئے جو کہ ملک میں جاری خون خرابے کا حصہ ہیں،جو کا 2008ء کے بعد سے بدترین سطح تک پہنچ چکا ہے اور یہ خدشات پیدا ہوگئے ہیں کہ ملک دوبارہ فرقہ وارانہ تشدد کی جانب بڑھ رہا ہے،جس میں2006-07ء میں ہزاروں افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

متعلقہ عنوان :