اوبامہ کی اطالوی وزیر اعظم سے فون پر بات چیت ، دونوں رہنماء مارچ میں روم میں ملاقات کریں گے

بدھ 26 فروری 2014 06:56

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26فروری۔2014ء)امریکی صدر باراک اوبامہ نے گزشتہ روز اٹلی کے نئے اصلاحات پسند وزیراعظم ماٹیورینزی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ، یہ بات وائٹ ہاؤس نے بتائی ہے ،وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ دونوں رہنماء مارچ میں روم میں ملاقات کریں گے ۔امریکی رہنما نے رینزی سے رابطے میں پہل کی ، رینزی نے اٹلی کے تازہ ترین سیاسی بحران کے بعد 16جماعتی مخلوط حکومت کے سربراہ کے طور پر ہفتے کو باضابطہ طور پر حلف اٹھایا ہے ۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا کہ صدر نے اقتصادی پیداوار اور روز گار میں اضافے کے بارے میں وزیراعظم رینزی کی قیادت کی حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ افغانستان ، لیبیا ، ٹرانسلانٹک ٹریڈ و انویسٹمنٹ پارٹنر شپ اور سلامتی و دفاعی تعاون میں امریکہ اور اٹلی کی قریبی پارٹنر شپ کے خواہاں ہیں ۔دونوں رہنماؤں نے مارچ میں روم میں اپنی ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ان اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور کے بارے میں گہرے دوطرفہ تعاون کی تعمیر کا موقع قرار دیا ۔اوبامہ پوپ فرانسس کے ساتھ ملاقات کے لئے آئندہ ماہ روم جانیوالے ہیں اس دورے کے دوران وہ نیدر لینڈ ، بیلجیئم اور سعودی عرب میں بھی قیام کرینگے۔