وزیراعظم ایوان میں تشریف لائیں گے تو سینٹ اور قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے ، خورشید شاہ ، وزیراعظم آج ایوان میں آئینگے ؟ سپیکر کا شیخ آفتاب سے استفسار ، علم میں نہیں، شیخ آفتاب، دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی

بدھ 26 فروری 2014 06:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26فروری۔2014ء) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ آج بدھ کو وزیراعظم میاں نواز شریف ایوان میں تشریف لائیں گے تو سینٹ اور قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے تاکہ ایوان بالا میں اپوزیشن کا شکوہ ختم ہوجائے جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے وزیر مملکت شیخ آفتاب سے پوچھا کہ وزیراعظم آج ایوان میں آئینگے تو شیخ آفتاب نے جواب دیا کہ ان کے علم میں نہیں ہے تاہم قائد حزب اختلاف کا پیغام پہنچا دیا جائے گا جس پر اپوزیشن نے قہقہے لگا کر ڈیسک بجانا شروع کیا تو شیخ آفتاب نے سپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ یہ ڈیسک وزیراعظم کے آنے کی خوشی میں بجائے جارہے ہیں یانہ آنے کی خوشی میں تو اس پر قائد حزب اختلاف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے آنے کی نوید بھی آپ سنا دیں ۔