چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام کی زیر صدارت وزیراعظم کی قرض حسنہ سکیم سے متعلق اجلاس ، مریم نواز شریف کی متعلقہ حکام کو سکیم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے موثر حکمت عملی اور بہترین اصول و ضوابط مرتب کرنے کی ہدایت

بدھ 26 فروری 2014 06:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26فروری۔2014ء) چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام محترمہ مریم نواز شریف نے وزیراعظم کی قرضہ حسنہ سکیم سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں قرض حسنہ سکیم کی سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب اور کمیٹی کے دوسرے اراکین بشمول عمر ایوب خان (ایم این اے)، وفاقی سکیرٹری سیرت اصغر، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس اور پاکستان پاورٹی ایلی ویشن فنڈ کے نمائندے نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سرکاری میڈیارپورٹس کے مطابق محترمہ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس سکیم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے موثر حکمت عملی اور بہترین اصول و ضوابط مرتب کریں تاکہ اس سے صحیح معنوں میں حقدار افراد مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں خصوصاً بلوچستان تک اس سکیم کے ثمرات پہنچانے کا اہتمام کیا جائے اور ہدایت کی کہ پارٹنر آرگنائزیشن (POs) کے ساتھ کام کرنے کے عمل کو شفاف بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ قرضہ حسنہ کو بہتر طریقے سے تقسیم کیا جا سکے۔