آئی نائن انڈسٹریل ایریا کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت کا ماحول خراب ہورہا ہے ،حکومت کا اسمبلی میں اعتراف،صنعتوں کو آبادی سے دور منتقل کرنے کیلئے اقدام اٹھا رہے ہیں ،قانونی مسائل کا سامنا ہے،شیخ آفتاب کا بیان

بدھ 26 فروری 2014 06:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26فروری۔2014ء) قومی اسمبلی میں حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ آئی نائن انڈسٹریل ایریا کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت کا ماحول خراب ہورہا ہے ،صنعتوں کو آبادی سے دور منتقل کرنے کیلئے اقدام اٹھا رہے ہیں ، کارخانوں کے مالکان کو لیز پر پلاٹ دیئے گئے ہیں جن کو پرکشش پیکج دے کر انہیں منتقل کرینگے فی الوقت قانونی مسائل کا سامنا ہے ۔

منگل کو توجہ مبذول کرانے کے نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ جب اسلام آباد معرض وجود میں آیا تھا اس وقت آئی نائن کو انڈسٹریل ایریا بنایا گیا تھا جو کہ آبادی سے دور تھا لیکن آبادی بڑھنے کے باعث اب انڈسٹریل ایریا بھی اسی آبادی میں آگیا ہے ۔ سی ڈی اے اس حوالے سے نیا سیکٹر بنا رہی ہے جو آبادی سے دور ہوگئی ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آلودگی کی وجہ سے مشکلات ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد ماحولیات کی وزارت صوبوں کو منتقل ہوچکی ہے مگر اسلام آباد کے باسیوں کی مشکلات کے پیش نظر اقدام اٹھایا جارہا ہے ۔ نیا سیکٹر صرف انڈسٹریل ایریا کی خاطر ہی بنایا جائے گا جہاں صرف کارخانے ہوں گے جو آبادی سے دور ہوگئی اور اسلام آباد کے ماحول کو انسان دوست بنایا جائے گا ایک اور سوال پر انہوں نے ایوان کو بتایا کہ لیز کو ختم کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا اور کوشش کرینگے کہ ایک پرکشش پیکج کے تحت ان فیکٹریوں کو کہیں اور منتقل کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اب طریقہ کار اختیار کیا جائے گا کہ ایسے ایریاز میں انڈسٹریل ایریاز منتقل کیا جائے جہاں آبادی کم از کم پچاس سال تک نہ آئے ۔

متعلقہ عنوان :