روس کریمیا کے حوالے سے کسی اقدام سے گریز کرے تاکہ یوکرینی بحران سے متعلق کوئی غلط فہمی پیدا نہ ہو،نیٹو کا انتباہ

جمعہ 28 فروری 2014 06:41

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28فروری۔2014ء) نیٹو کے سیکرٹری جنرل آندرے فوگ راسموسین نے روس کو خبردار کیا ہے کہ وہ کریمیا کے حوالے سے کسی اقدام سے گریز کرے تاکہ یوکرینی بحران سے متعلق کوئی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔انھوں نے جمعرات کو ٹویٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ ''مجھے کریمیا میں رونما ہونے والے واقعات پر تشویش ہے۔میں روس پر زوردوں گا کہ وہ کوئی ایسا اقدام نہ کرے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہو اور غلط فہمیاں جنم لی سکتی ہوں''۔

راسموسین نے یہ بیان بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب یوکرین کے خودمختار علاقے کریمیا میں نامعلوم مسلح افراد کے پارلیمنٹ اور سرکاری عمارات پر قبضے کے بعد جاری کیا ہے۔ان افراد کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ روس نواز ہیں۔اس سے پہلے یوکرین کی عبوری حکومت نے دارالحکومت کیف میں متعین ماسکو کے نمائندے کو طلب کر کے اسے خبردار کیا ہے کہ روس یوکرین کی علاقائی خودمختاری،آزادی اور سالمیت کا احترام کرے۔

(جاری ہے)

راسموسین نے برسلز میں نیٹو کے یوکرین کمیشن کے اجلاس میں کریمیا میں مسلح افراد کے پارلیمان کی عمارت پر قبضے کو خطرناک اور غیر ذمے دارانہ پیش رفت قراردیا ہے۔انھوں نے تمام فریقوں پر زوردیا ہے کہ وہ کشیدگی سے گریز کریں۔انھوں نے کیف کے حکام سے بھی کہا ہے کہ وہ تمام سیاسی گروہوں کی شمولیت سے سیاسی عمل شروع کریں۔یوکرینی وزیرداخلہ آرسن اواکوف نے فیس بْک پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ جزیرہ نما کریمیا کے علاقائی دارالحکومت سیمفرپول میں پچاس ساٹھ مسلح افراد جمعرات کو علی الصباح پارلمینٹ کی عمارت میں داخل ہو گئے تھے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ یہ لوگ فوجی وردی میں ملبوس تھے لیکن ان کی وردی میں کوئی نشان نہیں تھا۔انھوں نے پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل ہونے کے بعد چیرمین کے کمرے میں موجود سیکریٹری اور پولیس اہلکاروں کو باہر نکال دیا اور پارلمینٹ کے اہلکاروں کو چھٹی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :