بھارت ، راجیو گاندھی قتل کیس میں چار مزید مجرموں کی رہائی کا عمل روکنے کا حکم

جمعہ 28 فروری 2014 06:42

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28فروری۔2014ء)بھارت کی سپریم کورٹ نے ملک کے سابق وزیرِ اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے جرم میں مقید مزید چار مجرمان کی رہائی کا عمل روکنے کا حکم دیا ہے۔سپریم کورٹ نے یہ حکم تامل ناڈو حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کے قتل کے جرم میں سزا پانے والے سات مجرموں کی رہائی کے فیصلے پر سیاسی کشمکش کے بعد جاری کیا۔

نئی دہلی میں سپریم کورٹ نے جمعرات 27 فروری کو ان چار ملزمان کی رہائی کو روکنے کا حکم دیا۔ یہ چاروں مجرم راجیوگاندھی کو 1991 میں تامل خاتون خودکش بمبار کے حملے میں ہلاک کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔وزیرِ اعظم من موہن سنگھ نے تمل ناڈو حکومت کی طرف سے راجیو گاندھی کو ہلاک کرنے کے جرم میں قید سات مجرمان کو رہا کرنے کے فیصلے کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ انصاف کے اصولوں کے منافی ہے کیونکہ یہ قتل بھارت کی روح پر حملہ تھا۔

(جاری ہے)

‘بھارت کی مرکزی حکومت نے گذشتہ جمعرات یعنی 20 فروری کو تامل ناڈو حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کے قتل کے جرم میں سزا پانے والے سات مجرموں کی رہائی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلینج کیا تھا۔بھارتی ریاست تامل ناڈو کی حکومت نے 19 فروری کو مرکزی حکومت سے ان سات مجرموں کو رہا کرنے کی سفارش کی تھی اور کہا تھا کہ اگر حکومت نے تین دن میں جواب نہ دیا تو وہ خود ہی انھیں رہا کر دے گی۔

عدالت عظمیٰ نے ابتدائی سماعت میں اس وقت کہا تھا کہ تمل ناڈو حکومت نے اس معاملے میں جو طریقہ اپنایا اس میں کئی مسائل ہیں۔تامل ناڈو حکومت کے وکیل راکیش دویدی نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے صرف ان تین لوگوں کی رہائی روکنے کا حکم دیا ہے جن کی پھانسی کی سزا کو سپریم کورٹ نے عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔باقی چار ملزمان کے بارے میں راکیش دویدی نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت ان کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے آزاد ہے۔

مرکزی حکومت کے وکیل اشوک بھان نے اس وقت امید ظاہر کی تھی کہ جب تک اس بارے میں سپریم کورٹ کوئی فیصلہ نہیں کرتی، تمل ناڈو کی حکومت ساتوں مجرموں کو رہا نہیں کرے گی۔سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی مئی 1991 میں تامل ناڈو میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ایک خودکش حملے میں مارے گئے تھے۔اب سپریم کورٹ نے باقی چار مجرموں کی رہائی کو بھی روک دیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی مئی 1991 میں تمل ناڈو میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ایک خودکش حملے میں مارے گئے تھے۔ان کے قتل کے مجرم ستھن، مرگن اور پیرار?والن سری لنکا کے تمل ٹائیگرز باغی گروپ کے رکن رہے ہیں۔سری لنکا میں علیحدہ تامل وطن کے لیے جدوجہد کرنے والی اس شدت پسند تنظیم کو 2009 میں ختم کر دیا گیا تھا۔راجیو گاندھی نے 1987 میں بطور بھارتی وزیرِ اعظم سری لنکا میں بھارتی امن فوجی بھیجے تھے۔ ان کے قتل کو اسی کا انتقام سمجھا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :