قومی اسمبلی، قائمہ کمیٹی نیشنل ہیلتھ سروسز میں پی ایم ڈی سی انتخابات میں بے قاعدگیوں اور ایگزیکٹو باڈی کے جعلی نوٹیفکیشن سے متعلق ذیلی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری، وزارت ہیلتھ سروسز کو ذیلی کمیٹی کے تمام سفارشات پر عملدرآمد کر کے 2ہفتے میں رپورٹ کمیٹی کو پیش کرنے کی ہدایت ، ارکان کمیٹی نے پی ایم ڈی سی ایگزیکٹو باڈی کی جانب سے عدالت میں کمیٹی کی قانونی حیثیت چیلنج کرنے پارلیمنٹ کی توہین قرار د یا، پی ایم ڈی سی ایگزیکٹو باڈی کیخلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ

جمعہ 28 فروری 2014 06:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28فروری۔2014ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کو آرڈینیشن نے پی ایم ڈی سی انتخابات میں بے قاعدگیوں اور ایگزیکٹو باڈی کے جعلی نوٹیفکیشن سے متعلق ذیلی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے وزارت ہیلتھ سروسز کو ذیلی کمیٹی کے تمام سفارشات پر عملدرآمد کر کے 2ہفتے میں رپورٹ کمیٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کرد ی جبکہ ارکان کمیٹی نے پی ایم ڈی سی ایگزیکٹو باڈی کی جانب سے عدالت میں کمیٹی کی قانونی حیثیت چیلنج کرنے پارلیمنٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے پی ایم ڈی سی ایگزیکٹو باڈی کیخلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ کرلیاہے جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کو آرڈینیشن کا اجلاس چیئرمین خالد حسین مگسی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ذیلی کمیٹی کے کنونیئر ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے پی ایم ڈی سی انتخابات میں بے قاعدگیوں ، ایگزیکٹو باڈی کے جعلی نوٹیفکیشن اور رجسٹرار پی ایم ڈی سی کی تقرری سے متعلق اپنی رپورٹ کمیٹی میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذیلی کمیٹی نے پی ایم ڈی سی ، وزارت، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور قانون ماہرین کا مئوقف سننے کے بعد لاء ڈویژن کیساتھ مل کر اپنی سفارشات تیار کی ہے انہوں نے بتایا کہ ذیلی کمیٹی تمام حقائق کو سامنے رکھ کر پی ایم ڈی سی کی موجودہ باڈی کو تحلیل کرنے، نئے انتخابات کیلئے نگران سیٹ اپ کے قیام ، رجسٹرار پی ایم ڈی سی ڈاکٹر امجد کی خلاف کاروائی، اور جعلی نوٹیفکیشن پر صدر اور نائب صدر سمیت ایگزیکٹو باڈی کے خلاف مقدمات درج کرنے سمیت پی ایم ڈی سی ایکٹ میں مزید ترمیم کی سفارشات کی گئی ہیں انہوں نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی ایگزیکٹو باڈی کی خلاف مختلف عدالتوں میں206اعتراضات موجود ہیں انہوں نے بتایاکہ پی ایم ڈی سی انتظامیہ کے ذیلی کمیٹی کے آئینی کو قانونی حیثیت کو عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے مئوقف اختیار کیا ہے کمیٹی ہمارے خلاف کوئی ایکشن نہیں لے سکتی جس پر ارکان کمیٹی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو پارلیمنٹ کے اختیارات ہاتھ میں نہیں لینے دینگے ارکان کمیٹی نے کہا کہ پی ایم ڈی سی نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا انکے خلاف کل تحریک استحقاق قومی اسمبلی میں پیش کی جائیگی اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نے ذیلی کمیٹی کے سفارشات پر کمیٹی میں و وٹنگ کروائی جس میں ڈاکٹر ازرہ فضل پیچو ہو کے علاہ تمام اراکن نے کمیٹی سفارشات کی حمایت میں ووٹ دیا جس پر چیئرمین نے وزارت کو ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کرکے دو ہفتے میں رپورٹ کمیٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔