مری کی تاریخی اہمیت کی پرانی عمارتوں کو ان کی اصل شکل میں بحال کیا جائے، نواز شریف ،سیاحوں کی سہولت کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے، وزیراعظم کی اجلاس میں ہدایت

جمعہ 28 فروری 2014 06:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28فروری۔2014ء)وزیراعظم نواز شریف نے مری کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مری کی تاریخی اہمیت کی پرانی عمارتوں کو ان کی اصل شکل میں بحال کیا جائے،سیاحوں کی سہولت کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے ،مری سیاحتی اہمیت کا حامل ہے اور اس کا موجودہ انفراسٹرکچر بہتر بناکر اس کی ثقافت کو محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان وزیراعظم میں مری میں سہولیات کی بہتری پر غور کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،وزیراعظم کو مری میں پرانی جگہوں کی بحالی،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،ٹریفک کی صورتحال اور موجودہ سیاحتی سہولیات بارے بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مری کی پرانی تاریخی اہمیت کی حامل عمارتوں کو ان کی اصل شکل میں بحال کیا جائے،انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیاحوں کی سہولیات کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے اور سڑکوں کی مرمت متواتر بنیادوں پر کی جائے،قدرتی وسائل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے حکم دیا کہ محکمہ جنگلات کسی صورت جنگلات کی کٹائی کی اجازت نہ دے،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غیر قانونی ترقیاتی سرگرمیوں کی اجازت نہ دی جائے اور غیر قانونی عمارتوں کو گرا دیا جائے،اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید،وزیراعظم کے معاون خصوصی خواجہ ظہیر احمد،ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز،وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف سعید کرمانی اور پنجاب اور مری انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔