تربیلا کے توسیعی منصوبے سے ڈیڑھ دو روپے یونٹ بجلی ملے گی، راغب عباس شاہ ،یہ منصوبہ مئی 2017ء میں کام شروع کرے گا،وزیراعظم کی ہدایت پر 22ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے،چیئرمین واپڈا سرکاری ٹی وی سے بات چیت

جمعہ 28 فروری 2014 06:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28فروری۔2014ء)واپڈا کے چےئرمین سید راغب عباس شاہ نے کہا ہے کہ تربیلا کے توسیعی منصوبے سے ڈیڑھ دو روپے یونٹ بجلی ملے گی،یہ منصوبہ مئی 2017ء میں کام شروع کرے گا۔وزیراعظم کی ہدایت پر 22ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔جمعرات کو سرکاری ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کے بعد پانچویں منصوبے پر بھی کام جاری ہے اور توقع ہے کہ رواں سال کے آخر تک اس کے ڈیزائن کی تیاری شروع ہوجائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2017ء میں جب سیلاب کا پانی آئے گا تو توقع ہے کہ تربیلا کے توسیعی منصوبے کے دونوں یونٹ بجلی کی پیداوار شروع کردیں گے۔وزیراعظم نواز شریف نے یہ منصوبہ اس سے بھی پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانچواں توسیعی منصوبہ 1330میگاواٹ کا ہوگا اور یہ2017ء کے آخر تک مکمل ہوگا۔نیلم جہلم پن بجلی منصوبے سے دسمبر2015ء تک 969میگاواٹ بجلی حاصل ہونا شروع ہوجائے گا۔

خیبرپختونخوا میں 106 میگاواٹ کے ایک منصوبے پر بھی کام جاری ہے جبکہ آئندہ ہفتہ دس دن میں ایک اور منصوبے سے 130میگاوٹ بجلی کی فراہمی شروع ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ داسو ڈیم سے ساڑھے تین چار سال میں بجلی پیدا ہوسکے گی۔وزیراعظم نے اس منصوبے پر بھی تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے اور بجلی وپانی کے تمام منصوبوں پر واپڈا تیزی سے عملدرآمد کر رہا ہے،جس سے ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :