ایشیاء کپ، پاکستان نے افغانستان کو 72رنز سے شکست دیکر کر نہ صرف پہلا میچ جیت لیا ، بونس پوائنٹ بھی مل گیا،عمر اکمل کی شاندار سنچری نے لڑکھڑا تی پاکستانی بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا ، 248 رنز کے تعاقب میں افغان ٹیم 176رنز پرڈھیر ، عمر اکمل کو مین آف دی میچ دیا گیا ، آج بھارت اور سری لنکا مدمقابل ہونگے

جمعہ 28 فروری 2014 06:35

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28فروری۔2014ء) ایشیاء کرکٹ کپ میں پاکستان نے افغانستان کو 72رنز سے شکست دیکر کر نہ صرف پہلا میچ جیت لیا ہے بلکہ بونس پوائنٹ بھی مل گیا ہے ، عمر اکمل کی شاندار سنچری نے لڑکھڑا تی پاکستانی بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا ، 248 رنز کے جواب میں افغان ٹیم 176رنز پرڈھیر ہوگئی ، عمر اکمل کو مین آف دی میچ دیا گیا ، پاکستان اب اپنا اہم میچ 2مارچ کو روایتی حریف بھارت سے کھیلے گا جبکہ ایشیا کپ کے ایک اور اہم میچ میں آج ( جمعہ کو )بھارت اور سری لنکا مدمقابل ہونگے ۔

جمعرات کو کھیلے گئے ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان کے اوپنرز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا 55رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب شرجیل خان 25رنز بنا کر حمزہ ہوتک کی گیند پر نور علی زروان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ،78رنز پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری اور محمد حفیظ 10رنز بنانے کے بعد میر واعظ اشرف کی بال پر محمد نبی کو کیچ دے بیٹھے ،89پر احمد شہزاد 50رنز بنانے کے بعد سمیع اللہ شنواری کی بال پر بولڈ ہوگئے اور مصباح الحق بغیر کوئی رنز بنائے رن آؤٹ ہوگئے ،108کے مجموعی سکور پر صہیب مقصود 13رنز بنانے کے بعد سمیع اللہ شنواری کی بال پر اصغر کے ہاتھوں کیچ ہوئے ،117رنز پر شاہد خان آفریدی 6رنز بنانے کے بعد دولت زردان کی بال پر بولڈ ہوگئے ،177 پر پاکستان کی ساتویں وکٹ گری جب انور علی 21رنز بنا کر میر واعظ اشرف کی بال پر نوروز مینگل کے ہاتھوں کیچ ہوئے ،217رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کو آٹھواں نقصان عمر گل کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 15رنز بنانے کے بعد دولت زردان کی بال پر بولڈ ہوگئے ، مقررہ 50اوورز میں پاکستان نے 8وکٹوں کے نقصان پر 248رنز بنائے عمر اکمل نے شاندار 102رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ۔

(جاری ہے)

افغانستان کی جانب سے میر واعظ اشرف ، دولت زردان اور سمیع اللہ شنواری نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں ۔249رنز کے تعاقب میں افغانستان نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم 32 رنز پر ان کی پہلی وکٹ گر گئی جب محمد شہزاد 9رنز بنا کر عمر گل کی بال پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ،65رنز پر افغانستان کی دوسری وکٹ گری اور نور علی زردان 44رنز بنا کر سعید اجمل کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ،139رنز پرافغانستان کی تیسری وکٹ گری جب اصغر 40رنز بنا کر آفریدی کی بال پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ ہوئے ،140پر نوروز منگل 35رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے ،151پر نجیب اللہ زردان صرف 1رنز بنا کر حفیظ کا شکار بنے 159پر افغانستان کی چھٹی وکٹ گری اور محمدنبی 15رنز بنا کر عمر گل کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے 172 پر افغانستان کی ساتویں وکٹ گر گئی اور میر واعظ اشرف آؤٹ ہوئے اسی سکور پر سعید اجمل نے دولت زردان کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین کی راہ دکھائی 175 پر افغانستان کے نواں کھلاڑی آؤٹ ہوا جب شاید زردان حفیظ کی بال پر سعید اجمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور 176 پر افغان ٹیم کا آخری کھلاڑی بھی بولڈ ہوگیا اسی طرح پاکستان نے افغانستان کو 72رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ میں پہلی کامیاب کے ساتھ بونس پوائنٹ بھی حاصل کرلیا پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے 3، عمر گل اور سعید اجمل نے 2,2 اور آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی میچ میں شاندار کارکردگی پر عمر اکمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

پاکستان اپنے تیسرا اہم میچ دو مارچ کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ کھیلے گا جبکہ ایشیا کپ کا ایک اہم میچ آج بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا ۔