چاند نظرنہیں آیا، یکم شعبان کل 31مئی کوہوگی ، مفتی منیب الرحمن

جمعہ 30 مئی 2014 05:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء)مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ شعبان المعظم کا چاند نظرنہیں آیا ، یکم شعبان 1435ئھ بروز ہفتہ 31مئی کو ہوگی ۔ دریں اثنا مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات (میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں زونل رویتِ ہلال کمیٹی سے مولانا حافظ محمد سلفی ،مولانا اسد دیوبندی ،مفتی سید صابر حسین مولانا صابر نورانی ،قاری نذیر احمد،مولانا منیر احمدطارق ،مولانا فیروزالدین رحمانی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔ فنی معاونت کے لئے محکمہٴ موسمیات کے ڈائرکٹرجنرل توصیف عالم ،چیف اسپیس منیجر سپارکو غلام مرتضیٰ اور نیوی سے کمانڈر توفیق نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں کہیں سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئیں ،محکمہٴ موسمیات کے تقریباً50مراکز ، تمام زونل کمیٹیوں اور جامعة الرشید شعبہٴ فلکیات کے تقریباًچالیس مراکز سے عدم رویت کی اطلاعات موصول ہوئیں ،لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیاگیا کہ یکم شعبان المعظم 1435ئھ بروز ہفتہ31مئی کو ہوگی ۔ اگلی شب اگر چاند بڑا نظر آئے ،توقیاس آرائی کی ضرورت نہیں ۔

شرعی ، سائنسی اور فلکیاتی لحاظ سے وہ چاند یکم شعبان المعظم ہی کا ہوگا۔شبِ براء ت 13جون 2014ءء بروز جمعة المبارک (یعنی جمعہ کا دن گزرنے کے بعد آنے والی شب )کو ہوگی۔اجلاس کے آخر میں زونل کمیٹی کے تمام اراکین نے مفتی منیب الرحمن سے تعزیت کی اوراُن کے صاحبزادے ضیاء الرحمن مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبرِ جمیل کی دعاکی۔