نیشنل پیرا لمپک گیمز 2014 پشاور میں شروع

جمعہ 30 مئی 2014 05:09

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء)نیشنل پیرا لمپک گیمز 2014جمعرات کے روز پشاور میں شروع ہوئے ۔اس حوالے سے قیوم سٹیڈیم صدر میں ایک رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوئی جس کی مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبوو خصوصی تعلیم پروفیسر ڈاکٹر مہرتاج روغانی تھیں جبکہ تقریب میں معاون خصوصی برائے قانون عارف یوسف ، پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے چےئرمین ونیشنل پیرالمپک گیمز کے چیف آرگنائزز عظمت حنیف اوکرزئی ،ڈائریکٹر یس سپورٹس رشیدہ غزنونی ،آرگنائزنگ سیکرٹری کفایت اللہ اورکزئی ،پشاور اپ لفٹ پروگرام کے نمائندوں ،کھلاڑیوں ،خصوصی بچوں اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔

واضح رہے کہ نیشنل پیرالمپک گیمز 2014کے اس تین روزہ ایونٹ میں پنجاب ،سندھ ، بلوجستان ،میزبان خیبر پختونخوا ،قبائلی علاقہ جات اور اسلام آباد کے تقریباً 300جسمانی طور پر معذور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 15خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں جبکہ میں بیڈمنٹن ،ایتھلیٹکس ،لانگ ٹینس اور کرکٹ کے علاوہ دیگر متعدد کھیل اس میں کھیلے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے تمام انڈور مقابلے قیوم سٹیڈیم پشاور صدر میں ہو رہے ہیں جبکہ کرکٹ مقابلے پشار یونیورسٹی میں کھیلے جارہے ہیں افتتاحی تقریب میں سکول کے بچوں نے رنگارنگ ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کئے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے کہا کہ اس خصوصی ایونٹ کے انعقاد سے اس امر کا اعادہ ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام خصوصی افراد کی بھلائی اور خوشی کے لئے ہر طرح سے کوشاں ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ایسی سرگرمیوں کا انعقاد معذور افراد کو معاشرے کے دیگر صحت مند افراد کے برابر تصور کرنے کے لئے کوشش کرنا ہے اور اس ایونٹ سے معذور افراد کو سیروتفریح کے کافی مواقع میسر آسکیں گے ۔ اُنہوں نے نیشنل پیرالمپک گیمز کے تمام منتظمین اور رضاکاروں کو اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :