اسلام آباد،تھانہ کورال پولیس کے علاقہ میں مبینہ دیرینہ دشمنی اور ذاتی چپلقلش پر دربار حیات بخش کے گدی نشین فائرنگ میں قتل،ملزم کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں تشکیل

جمعہ 30 مئی 2014 05:24

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء) تھانہ کورال پولیس کے علاقہ میں مبینہ دیرینہ دشمنی اور ذاتی چپلقلش پر دربار حیات بخش کی گدی نشین کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ،پولیس کے مطابق ملزم وحید نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسد پیرزادہ کو قتل کیا ہے جس کے خلاف تھانہ کورال میں قتل کا مقدمہ درج کر اس کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ تھانہ کورال پولیس کے علاقہ میں دربار حیات بخش کے گدی نشین ساٹھ سالہ اسد پیرزادہ کو نامعلوم ملزمان نے جمعرات کے روز اس وقت قتل کر دیا تھا جب وہ دربار سے محلقہ مسجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بیٹھے ہوئے تھے، فائرنگ کے باعث اسد پیرزادہ موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق دربار کے چھوٹے گیٹ سے داخل ہو کرملزم وحید نے بارہ بور کاربین سے فائرکیاجس سے اسد پیر زادہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور نعش کو قبضے میں لیکر اس کاپوسٹمارٹم کراوا کر نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی جبکہ واقعہ کا ثنا ء اللہ پیز زادہ کی مدعیت میں تھانہ کورال میں ملزم وحید کے خلاف زیر دفعہ302 مقدمہ درج کر لیا گیا اور ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں،مقتول کاملزم وحید جو کرپاکا رہائشی ہے سے دوماہ قبل جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد دونوں نے صلح کر لی تھی تاہم تاہم ملزم کو دل میں رنج تھا جس پر اس نے اسد پیر زادہ کو قتل کیا، ایس ایس پی اسلام آباد کی خصوصی ہدایت پر ایس پی رورل محمد حسن اقبال کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے جو گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہیں،ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔