کراچی ،مبینہ پولیس مقابلو ں میں 4ملزمان ہلاک ،ہلاک ملزمان کا تعلق گینگ وار سے تھا جو پولیس اہلکاروں کے قتل ، اغواء برائے تاوان اورشارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی درجنوں واردا توں میں ملوث تھے،ایس ایس پی،فائرنگ و پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کو قتل کردیا گیا، ایک شخص زخمی

جمعہ 30 مئی 2014 05:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء)کراچی کے علاقے گلشن اقبال اور سچل گوٹھ میں دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران لیاری گینگ وار کے 2 اہم ملزموں سمیت 4 ملزمان مارے گئے۔ ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل ناصر آفتاب کے مطابق سچل گوٹھ میں کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی،اے وی سی سی کے اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دو ملزمان زخمی ہوئے جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے۔

ایس ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ ہلاک ملزمان کا تعلق گینگ وار سے تھا جو پولیس اہلکاروں کے قتل ، اغوا برائے تاوان اورشارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی درجنوں واردا توں میں ملوث تھے۔ پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر این ای ڈی یونیورسٹی گیٹ کے قریب مبینہ مقابلے میں لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان ہلاک ہوگئے،، ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکل،2 پستول اور نقدی بھی ملی ہے۔

(جاری ہے)

ادھرکراچی میں فائرنگ و پْرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کو قتل کردیا گیا ہے جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق رنچھوڑ لائن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار پرویز عباسی جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ،پولیس کے مطابق مقتول اہلکار کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ جمشید کواٹر تھانے کی حدودجمشید روڈ پرنامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گوشت کی دکان پر فائرنگ کرکے ایک بھائی کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا ہے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔

واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی تھی اور کاروبار بند ہو گیا تھا ۔سرجانی ٹاون رحمان آباد کی جھاڑیوں سے کئی روز پرانی لاش ملی ہے جسے عباسی شہید منتقل کیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق مقتول کو تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے۔