ورلڈ کپ وارم اپ میچ، جنوبی کورین تیاریوں کی قلعی کھل گئی،تیونس1-0سے فتحیاب، فرانس نے ناروے کو 4-0 سے شکست دے کر حوصلے بلند کرلیے، امریکہ نے آذربائیجان کو 2-0 سے شکست دی

جمعہ 30 مئی 2014 05:09

سیئول(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء) فٹبال ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں شکست سے جنوبی کورین تیاریوں کی قلعی کھل گئی۔دوستانہ میچ میں تیونس کے زوہیر داؤدی نے فیصلہ کن گول بنایا، فرانس نے ناروے کو 4-0 سے شکست دے کر حوصلے بلند کرلیے،اولیور گیراؤڈ نے 2 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، دوسری جانب سان فرانسسکو میں امریکا نے آذربائیجان کیخلاف2-0 سے کامیابی حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق برازیل جانے سے قبل 2002 ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ جنوبی کورین ٹیم کیلیے حالیہ ناکامی بڑا دھچکا ہے، تیونس کے کوچ جورجس لیکنز نے اپنے پہلے ہی مقابلے میں فتح پائی۔کورین سائیڈ جمعے کو میامی کا سفر اختیار کرے گی جہاں 9 جون کو گھانا سے بھی دوستانہ میچ شیڈول ہے، سیئول میں منعقدہ میچ کے 14ویں منٹ میں میزبان کپتان کو جا چیول نے پہلا خطرناک حملہ کیا لیکن ان کی لگائی ہوئی کک پر گیند گول پوسٹ سے خاصی دور رہی، اگرچہ اس کے بعد میزبان پلیئرز نے گیند پر قبضہ رکھا لیکن وہ کوئی منظم موو ترتیب نہیں دے پائے، بائرلیورکسن کیلیے کھیلنے والے سون ہیونگ من کی کک پر گیند سیدھی تیونس کے گول کیپر فاروق بن مصطفیٰ کے ہاتھوں میں محفوظ ہوگئی، پہلے ہاف کے اختتامی مراحل میں تیونس کے پلیئرز نے کچھ ہمت دکھائی۔

(جاری ہے)

42ویں منٹ میں وسیم یحیٰ کی کک پر گیند کو گول کیپر جنگ سنگ رایونگ نے عمدگی سے روک لیا، 2منٹ بعد ہی زوہیر داؤدی نے جمود کو توڑتے ہوئے گول داغ دیا، دوسرے ہاف کے اختتامی مراحل میں متبادل جنوبی کورین پلیئر ہا ڈائی سنگ کو مقابلہ برابر کرنے کا موقع میسر آیا لیکن ان کی کک پر گیندگول پوسٹ کے بائیں جانب سے باہر چلی گئی۔پیرس میں فرانس نے ناروے کو 4-0 سے مات دی، یکطرفہ مقابلے میں پال پوگبا نے کھیل کے 15ویں منٹ میں گیند کو جال تک پہنچانے میں کوئی غلطی نہیں کی، فرانس نے اس کے بعد اگرچہ پہلے ہاف میں مزید کئی مووز بنائیں لیکن وہ اپنی برتری کو دگنا نہیں کرپایا۔

دوسرے ہاف میں فرنچ پلیئرز کی کاوشیں زیادہ بارآور ثابت ہوئیں، 51ویں منٹ میں گیراؤڈ نے گول داغ کر اسکور 2-0 کیا، 67ویں منٹ میں لوئک ریمی نے بھی حریف گول کیپر اورجین نیلینڈ کو چکمہ دے ڈالا، 2011 کے بعد سے ریمی کا یہ پہلا انٹرنیشنل گول ثابت ہوا، 2منٹ بعد ہی گیراؤڈ نے انفرادی طور پر دوسرا گول بناکر اسکور شیٹ 4-0 سے اپنی ٹیم کے حق میں کردی، کھیل کے 44 ویں منٹ میں مہمان ٹیم کے الیگزینڈر ٹیٹی کو فاؤل کرنے پر ریفری نے یلوکارڈ دکھایا،بعدازاں فرنچ کوچ ڈیڈائر ڈیس چیمپس نے اپنی ٹیم کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ابھی ہم پوری طرح ورلڈ کپ کیلیے تیار نہیں ہوئے لیکن اس کے باوجود ناروے کیخلاف پلیئرز کا عمدہ کھیل قابل ستائش ہے، ڈیڈائر 1998 میں اپنی زیرقیادت فرانس کو اولین ورلڈ کپ ٹرافی کا حقدار بھی بنواچکے ہیں۔

فرانس نے اس مقابلے میں ہوگو لوریس اور فرینک ریبری کو آرام دیا جبکہ کریم بینزیما اور رافیل ویرینی نے ابھی تک اسکواڈ کو جوائن نہیں کیا ہے، ٹیم اپنا دوسرا پریکٹس میچ اتوار کو نیس میں پیراگوئے سے کھیلے گی،8 جون کو للی میں جمیکن ٹیم اس کے مقابل آئے گی، ورلڈ کپ میں فرانس اپنے سفر کا آغاز ہونڈراس کیخلاف پورٹو الجیریو میں کریگا۔اسے گروپ ’ ای‘ میں شامل سوئٹزرلینڈ اور ایکواڈور کا چیلنج بھی درپیش ہوگا۔

ادھر سان فرانسسکو کے کینڈلیسٹک پارک میں امریکا نے میگا ایونٹ کیلیے اپنی تیاریوں کو آذربائیجان کیخلاف جانچا، میزبان ٹیم نے یہ مقابلہ 2-0 سے جیت کر حوصلے بلند کرلیے، پہلا گول 75ویں منٹ میں متبادل پلیئر میکس ڈیسکروڈ نے بنایا،8 منٹ بعد ارون جوہانسن نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچاکر برتری دگنی کی، اس کے بعد کوئی گول نہ بنا۔

متعلقہ عنوان :