ڈیرہ غازیخان، کراچی جانیوالی تیز رفتار مسافر کوچ اور ڈالہ میں تصادم ،6مسافر جاں بحق، 20افراد شدید زخمی

جمعہ 30 مئی 2014 05:18

ڈیرہ غازیخان ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء ) انڈس ہائی وے پر وہوا سے کراچی جانیوالی تیز رفتار مسافر کوچ اور ڈالہ میں تصادم کے نتیجے میں کوچ الٹ جانے کے باعث6مسافر جاں بحق جبکہ 20افراد شدید زخمی ، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ غازیخان ٹراما سنٹر منتقل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وہوا سے کراچی جانیوالی مسافر کوچ نمبر7545-JGشاہ صدر دین کے قریب گاجری والا پل پر تیز رفتاری کے باعث اوور ٹیک کرتے ہوئے سامنے سے آنے والے ڈالا نمبر 5785سے ایک خوفناک دھماکے سے ٹکرا نے کے باعث مسافر کوچ الٹ گئی اور ڈالہ قلابازیاں کھاتا ہوا دور جا گرا ، مسافر کوچ کے الٹنے کے نتیجے میں چار مسافر عبدالرحمن ولد اللہ وسایا سکنہ بستی مندرھن تونسہ ، امان اللہ چاہ مٹھے والی مجید ولد کوڑا سکنہ ریتڑہ اور عرفان ولد محمد ئرمضان سکنہ ٹبی قیصرانی موقع پر جاں بحق ہوگئے اور تقریباً 20افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو1122کی گاڑیوں کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ غازیخان منتقل کر دیا گیا ، ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچنے پر شدید زخمی دو افراد طارق سلیم ولد فیض اللہ سکنہ وہوا ، پائیند خان ولد غلام اکبر سکنہ وہوا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حادثہ کے وقت ہر طرف چیخ و پکار اور سڑک پر خون ہی خون بکھر گیا حادثہ کے موقع پر بعض لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی زخمیوں کو ٹراما سنٹر ڈیرہ غازیخان پہنچایا ،زخمیوں میں رحمت ولد محمد نور سکنہ مروت ، سعیدہ مائی زوجہ غلام عباس سکنہ وہوا ، کلیم اللہ ولد بشیر احمد سکنہ وہوا ، محمد الیاس ولد عنصر عباس ، محمد عابد ولد غلام فرید ، محمد رفیق ولد خدا بخش ، گھمو بلوچ ولد محمد رمضان وہوا ، محمد علی ولد خان محمد سکنہ پائیگاں ، محمد عباس ولد اللہ بخش لاشاری والا ، عبدالطیف ولد حق نواز کوتانی سکنہ وہوا و دیگر شامل ہیں زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق وہوا سے ہے دونوں ڈرائیورز موقع سے فرار ہوگئے تاہم پولیس تھانہ شاہ صدر دین نے کوچ اور ڈالہ کو قبضہ میں لے کر دونوں ڈرائیوروں کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انڈس ہائی وے پر گہرے گڑھوں اور تیز رفتاری کے باعث یہ حادثات رونما ہو رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی سطح پر انڈس ہائی وے پر حادثات کی روک تھام کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :