سعودی عرب کے ایک ممتاز عالم دین، علماء کونسل کے سینئر رکن الشیخ عبداللہ المطلق نے غیر محرم عورت مرد کی انٹرنیٹ چیٹ کوحرام قرار دیدیا

جمعہ 30 مئی 2014 05:31

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء)سعودی عرب کے ایک ممتاز عالم دین اور علماء کونسل کے سینیئر رکن الشیخ عبداللہ المطلق کا ایک نیا فتویٰ سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے غیر محرم عورت مرد کی انٹرنیٹ چیٹ کو خلوت صحیحہ سے تعبیر کرتے ہوئے حرام قرار دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا شیطانی افکار و خیالات کو فروغ دینے کا ایک ذریعہ بن چکا ہے۔

مسلمان نوجوانوں کو اس کے استعمال میں احتیاط سے کام لینا چاہیے۔فتویٰ نْما بیان میں سعودی علماء کونسل کے رْکن الشیخ المطلق کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے کسی نامحرم مرد کا نامحرم خاتون کے ساتھ تنہائی میں مْکالمہ غیر شرعی ہے۔ سماجی میڈیا کے ذریعے نامحرم مرد و زن کے مابین چیٹنگ کے دوران شیطان انہیں گمراہ کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں وہ کسی غلط کام میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ بعض اوقات مرد و زن چیٹنگ کے دوران غیر محرموں سے ایسی باتیں بھی کہہ بیٹھتے ہیں جنہیں وہ یا اور ان کا رب جانتا ہے۔ خاص طور پر خواتین کے ساتھ چیٹنگ کے دوران شیطان مردوں کے ساتھ ہوتا ہے۔ میں خاص طور پر خواتین کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ اجنبی اور نامحرم مردوں کے ساتھ انٹرنیٹ پر کسی بھی قسم کی بات چیت سے سختی سے گریز کریں۔