شام، حلب میں باغیوں کا سرنگ میں دھماکا، 40 فوجی ہلاک

اتوار 1 جون 2014 07:15

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جون۔2014ء)شام کے شمالی شہر حلب میں اسلامی باغی جنگجووٴں نے سرکاری فوج کے زیر استعمال ایک سرنگ میں دھماکا کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم40 فوجی اور اسد نواز ملیشیا کے جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔برطانیہ میں قائم شامی مبصر گروپ برائے انسانی حقوق نے ہفتے کے روز اس واقعہ کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اسلامی باغیوں نے شہر کے قدیم حصے میں واقع الزہراوی مارکیٹ میں سرنگ کو دھماکے سے اڑایا ہے۔

صدر بشار الاسد کی وفادار فوج کے خلاف جنگ لڑنے والے شامی باغیوں کے اتحاد محاذ اسلامی نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس نے اپنے ٹویٹر اکاوٴنٹ پر ایک ویڈیو کا لنک پوسٹ کیا ہے۔ اس میں ایک زوردار دھماکا ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس کے نتیجے میں ملبے سے گرد اور دھواں بلند ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

آبزرویٹری کے مطابق دھماکے کے بعد شامی فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی تھی جس میں ایک باغی مارا گیا ہے۔

واضح رہے کہ محاذ اسلامی نے حالیہ ہفتوں کے دوران متعدد مرتبہ فوجیوں پر حملوں کے لیے سرنگوں کے ذریعے دھماکے کیے ہیں۔حلب کے تاریخی قدیم حصے میں شامی فوج اور باغی جنگجووٴں کے درمیان کم وبیش روزانہ کی بنیاد پر جھڑپیں ہورہی ہیں اور فوج نے جگہ جگہ پوزیشنیں سنبھال رکھی ہیں۔حلب میں جولائی 2012ء سے اسدی فوج اور باغیوں کے خلاف شدید لڑائی ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :