نندی پو رپاور پراجیکٹ سے 7 ماہ کی ریکارڈ مدت میں بجلی کی پیداوار کا آغاز عزم و ہمت کی سنہری داستان ہے:شہبازشریف، ملک کا مستقبل تابناک ہے ، وہ دن دور نہیں جب اندھیرے ہمیشہ کیلئے چھٹ جائیں گے اور روشنیاں ہمسفر ہوں گی،سابق حکمرانوں نے لالچ اور حرص کیلئے عوام کی زندگی عذاب بنا ئے رکھی،نندی پور پراجیکٹ کی مشینری تین برس تک زنگ آلود ہوتی رہی ، منصوبہ 3 برس قبل مکمل ہوتا تو ملک کو 165 ارب روپے کا معاشی نقصان نہ ہوتا اور غریب قوم کے 30 ارب روپے اضافی خرچ نہ کرنا پڑتے،وزیراعظم محمد نواز شریف کی عظیم قیادت میں ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے، وزیراعلیٰ کا نندی پور پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 1 جون 2014 07:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جون۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نندی پو رپاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن سے سات ماہ کی ریکارڈ مدت میں بجلی کی پیداوار کا آغاز عزم و ہمت کی سنہری داستان ہے۔ قومی اہمیت کے اس اہم منصوبے کو قبر سے نکال کر دوبارہ زندہ کیا گیا اور آج نندی پو رپاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔

ا نشااللہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی عظیم قیادت میں ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے، روشنیاں واپس آئیں گی، زندگیاں بحال ہوں گی، زراعت ترقی کرے گی، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا شروع ہوگا اور معیشت مضبوط ہوگی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج نندی پور پاور پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے اور یہ دن اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ جب ہر طرف اندھیرے چھا جائیں، مایوسی پنجے گاڑ لے اور ناامیدی گھر گھر پھیل جائے تو نندی پور پاور پراجیکٹ جیسے منصوبے ان اندھیروں کو اجالوں میں بدلتے ہیں، مایوسی میں امید کی کرن ثابت ہوتے ہیں۔

یقینا آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک سنہرا دن ہے جب سات ماہ کی قلیل مدت میں نندی پور پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے نندی پور پاور پراجیکٹ کے حوالے سے سابق حکمرانوں کی بدترین مجرمانہ غفلت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی داستان انتہائی اذیت ناک اور دکھ بھری ہے اور نندی پور پاور پراجیکٹ ماضی کے بدترین واقعات میں سے ایک ایسا ہی واقعہ ہے۔

سابق حکمرانوں نے لالچ اور حرص کیلئے عوام کی زندگی عذاب بنائے رکھی۔ سابق دور میں پلانٹ کی مشینری 3 برس تک کراچی کی بندرگاہ پر زنگ آلود ہوتی رہی، پرزے چوری کئے گئے۔ زراعت پیلی پڑ گئی، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو گیا اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا لیکن ماضی کے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ اگر یہ منصوبہ 3 برس قبل مکمل ہوتا تو ملک کو 165 ارب روپے کا معاشی نقصان نہ ہوتا اور منصوبے کو قبر سے نکال کر دوبارہ زندہ کرنے پر اس غریب قوم کے 30 ارب روپے اضافی خرچ نہ کرنا پڑتے۔

میں کسی پر الزام تراشی نہیں کر رہا لیکن قوم کا یہ حق ہے کہ اصل حقائق اس کے سامنے لائے جائیں کہ ماضی میں اس اہم منصوبے کے حوالے سے کیا لوٹ مار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں یہ منصوبہ سات ماہ کی ریکارڈ مدت میں بجلی پیدا کرنے کے قابل ہوا ہے اسی طرح وزیراعظم کے وژن کے مطابق دن رات کام کرکے توانائی کے منصوبوں کو مکمل کریں گے۔

نندی پور پاور پراجیکٹ کی تمام ٹیم نے شبانہ روز محنت کی اور منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا۔ چین کی کمپنی ڈونگ فونگ کو منصوبے پر دوبارہ کام پر آمادہ کیا گیا کیونکہ ماضی کی حکومت کی بدترین مجرمانہ غفلت اور نااہلی کے باعث چینی کمپنی واپس چلی گئی تھی۔ چین کی کمپنی نے نومبر 2014 میں پہلی ٹربائن چالو کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن جب ہم نے وزیراعظم کے وژن کے تحت منصوبے پر کام شروع کیا تو چینی کمپنی کے حکام کام کی رفتار دیکھ کر حیران رہ گئے اور الحمداللہ آج مقررہ وقت سے قبل یہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہے۔

منصوبے پر پاکستان اور چین کے ماہرین نے ایک عزم کے ساتھ دن رات کام کیا اور اس منصوبے کی سات ماہ کی مدت میں تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم انتہائی باصلاحیت اور محنتی ہے۔ انشااللہ وزیراعظم کی عظیم لیڈرشپ میں مہران کی وادیوں، بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں توانائی کے حصول کے تمام منصوبے تیزی سے مکمل ہوں گے اور یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔

ملک کو حقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔ ایسا پاکستان جہاں کوئی مریض ہسپتال میں بجلی نہ ہونے سے دم نہیں توڑے گا، کوئی مزدور یا محنت کش فاقہ کشی پر مجبور نہیں ہوگا، غریب کو بھی وہی عزت ملے گی جو امیر کو ملتی ہے۔ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے ہم سب وزیر اعظم کی ٹیم کا ممبر بن کر کام کریں گے- وہ دن دور نہیں اندھیرے ہمیشہ کیلئے ساتھ چھوڑ جائیں گے اور روشنیاں ہم سب کی ہمسفر ہوں گی۔

انہوں نے چین کے صدر، وزیراعظم، قیادت، عوام اور ڈونگ فونگ کمپنی کے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کی حکومت اور قیادت پاکستان کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے اور آئندہ سات برس میں چین کے تعاون سے 20 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگانے کی شروعات ہو چکی ہیں اور انشاء اللہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے بھرپور تعاون اور رہنمائی میں ملک کو اندھیروں سے نجات دلا کر دم لیں گے۔

وزیراعلیٰ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، صوبائی وزرا رانا ثنااللہ، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ، ڈی سی او ، آر پی او، سی سی پی او سمیت خصوصاً ڈونگ فونگ کمپنی کے انجینئرز، ورکرز، پاکستانی انجینئرز، ورکرز اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نندی پور کیپٹن (ر) محمود کے منصوبے کے حوالے سے تعاون اور دن رات محنت پر خصوصی طو رپر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے اس منصوبے پر جس محنت سے کام کیا ہے وہ قابل تعریف ہے جس پر میں سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے کیپٹن (ر) محمود کو تمغہ امتیاز دینے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن محمود نے نندی پور پاور پراجیکٹ کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لانے کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا ہے۔