کراچی ،فائرنگ وپرتشدد کاروائیوں میں 2افراد قتل ،کورنگی میں نامعلوم افراد کی گاڑی پرفائرنگ ، ڈپٹی کمشنر زبیر چنابال بال بچ گئے،سیکورٹی گارڈ اور ڈرائیور زخمی

اتوار 1 جون 2014 07:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1جون۔2014ء)کراچی میں فائرنگ وپرتشدد کاروائیوں میں 2افراد قتل ،کورنگی میں نامعلوم افراد کی گاڑی پرفائرنگ ڈپٹی کمشنر کورنگی زبیر چنابال بال بچ گئے،سیکورٹی گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں ہفتہ کی سہ پہر ناصر جمپ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل مسلح افراد نے ڈپٹی کمشنر کی ڈبل کیبن سرکاری گاڑی پر فائرنگ کر دی ۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر زبیر چنا محفوظ رہے جب کہ واقعہ میں ان کے گارڈ اور ڈرائیور زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کی گولیوں کے خول ملے ہیں پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں کورنگی کے مختلف علاقوں میں چائنا کٹنگ اوردیگر قبضہ مافیا کے خلاف کمشنر کورنگی کی کاروائی کا ہفتہ کو ڈٹی کمشنر پر ہونے والا حملہ ردعمل بھی ہوسکتا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس ضمن میں بھی تفتیش جاری ہے ۔دوسری جانب گارڈن تھانے کی حدود دھوبی گھاٹ کے علاقے میں لیاری ندی کے قریب سے ایک شخص کی ذبح شدہ لاش ملی، لاش کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کیا جہاں مقتول کی شناخت 30سالہ انور ولد ننھے خان کے نام سے ہوئی جو کہ دھوبی گھاٹ کا ہی رہائشی اور پیشے سے دھوبی تھا۔

پولیس کے مطابق مقتول منشیات کا عادی اور اکثر منشیات کے عادی افراد کے ہمراہ مذکورہ مقام پر آکر نشہ کیا کرتا تھا، پولیس کو شبہ ہے کہ انور کو منشیات کے عادی اسکے کسی دوست یا دوستوں نے کسی بات پر جھگڑے میں تیز دھار آلے کر وار کر کے ذبح کر کے قتل کر دیا ہے ۔گلبہار تھانے کی حدود ناظم آباد نمبر 2 خاموش کالونی میں امامیہ امام بارگاہ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے 35 سالہ غلام عباس نقوی ولد جعفر امام نقوی سر میں ایک گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جہاں سے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول غلام عباس اسی علاقے کا رہائشی اور ہم ٹی وی چینل میں بطور لائبریرین ملازم تھا۔