عرا ق سے بھا رتی با شند وں نے سکیو رٹی خطرا ت کے با عث انخلا ء شرو ع کر دیا ،200 افراد پر مشتمل گروپ کی وطن واپسی مزید 400 جلد واپس آئیں گے، بھا رتی میڈیا

پیر 7 جولائی 2014 03:45

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء)عراق کے شمالی علاقے میں محصور 46 بھارتی نرسوں کے بعد اب عراق سے تقریباً 600 ہندوستانیوں کی جلد وطن واپسی کا امکان ہے۔بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ہندوستانی وزارت خارجہ کے حوالے سے کہا ہے کہ 200 ہندوستانیوں کا ایک گروپ عراقی ایئرویز کے خصوصی طیارے سے نئی دہلی پہنچ گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اگلے دو دنوں میں تقریباً 400 دیگر ہندوستانی بھی عراق سے واپس آنے والے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے عراق میں محصور 46 بھارتی نرسیں اپنے آبائی شہر کوچّی پہنچ گئیں۔ یہ تمام نرسیں عراق کے شہر تکریت میں واقع ایک ہسپتال میں کام کرتیں تھیں۔جون کے شروع میں اسلامی شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش یا آئی ایس آئی ایس) نے تکریت شہر پر قبضہ کر لیا تھا اور اس کے بعد سے یہ نرسیں ایک طرح سے وہاں محصور تھیں۔بہر حال ان کی رہائی کے متعلق سب سے اہم سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ داعش کے شدت پسندوں نے بھارتی نرسوں کو اپنی قید سے کیونکر رہا کیا اور انھیں بھارت کیوں آنے کی اجازت دی۔