نیب نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے عالمی اداروں سے تجربات اور تربیت کے لئے رابطہ کر لیا، افسران و اہلکاروں کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجا جائیگا،نیب ذرائع

پیر 7 جولائی 2014 03:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء)قومی احتساب بیورو (نیب) نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے عالمی اداروں سے تجربات اور تربیت کے لئے رابطہ کر لیا ہے اور نیب کے افسران و اہلکاروں کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجا جائیگا۔نیب ذرائع کے مطابق خاص طور پر تفتیش کاروں اور پراسیکیوٹرز کی تربیت پر توجہ دی جائے گی تا کہ زیر التواء مقدمات کی تفتیش تیزی سے مکمل کر کے پراسیکیوٹرز کے ذریعے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

نیب ذرائع کے مطابق قمر زمان چوہدری نے اپنے آگاہی ونگ اور بین الاقوامی تعاون ونگ کو ہدایات جاری کی ہے کہ مختلف ملکوں سے اس حوالے سے معلومات حاصل کی جائیں تا کہ افسروں کو تربیت کے لئے بھیجا جا سکے ۔ذرائع کے مطابق اس مقصد کے لئے ایک ایکشن گروپ بھی بنایا گیا ہے جو ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے رابطے بڑھائے گا۔

(جاری ہے)

نیب کے علاقائی دفاتر سے بھی کہاگیا ہے کہ وہ اپنے افسران اور اہلکاروں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اس مقصد کے لئے چیئرمین نیب نے انہیں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

ذرائع کے مطابق افسران کی تربیت کے لئے امریکہ ،برطانیہ اور کینیڈا کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے اداروں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لئے ان ملکوں کے اداروں سے باقاعدہ تربیت کے لئے سمجھوتے کئے جائیں گے تا کہ یہ سلسلہ مربوطو انداز میں آگے بڑھتا رہے۔