اوکاڑہ،انجمن مزارعین پنجاب کے زیر اہتمام سینکڑوں مزارعین کا5گھنٹے احتجاجی دھرنا

پیر 7 جولائی 2014 03:18

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء)انجمن مزارعین پنجاب کے زیر اہتمام انجمن مزارعین پنجاب کے جنرل سیکرٹری مہر عبدالستار، چیئرمین لیاقت، صدر محمد خوشی ڈولہ،نور نبی ایڈووکیٹ، ضلعی صدر حاجی غلام حسین، عبدالستار چمن کی زیر قیادت چک نمبر3فور ایل ملٹری فارم ریلوے پھاٹک کے قریب جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف سینکڑوں مزارعین کا5گھنٹے احتجاجی دھرنا،جن کا مطالبہ تھا کہ متوفی کی نعشیں، زخمی گرفتار افراد مزارعین کو ہمارے حوالے کیا جائے اگر نہ کیا تو جی ٹی روڈ اور ریلوے ٹریک بلاک کردیں گے، ڈی پی او اوکاڑہ بابر بخت قریشی سے مذاکرات کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں اور گرفتار افراد کو چھوڑ دیا گیا جس پر مزارعین نے دھرنا ختم کردیا جبکہ اوکاڑہ کینٹ تھانہ میں پاک فوج کے صوبیدار سخاوت حسین ولد اصغر علی 22 سندھ رجمنٹ اوکاڑہ کینٹ کی رپورٹ پر انجمن مزارعین پنجاب کے جنرل سیکرٹری مہر عبدالستار سمیت اور دیگر عہدیداران 26افراد پر نامزد اور125نامعلوم افراد پر زیر دفعہ 302,324,186,353,109,148,149اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ7اے ٹی کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مقدمہ نمبر 132/14 میں کہا گیا ہے کہ فوجی پارٹی معمول کے مطابق گشت کرتی چک 15فور ایل کے قریب پہنچی تو وہاں پر پہلے سے موجود 125 آتشیں اسلحہ اور ڈنڈوں سوٹوں سے مسلح افراد نے فوج کی گشت کرنے والی پارٹی پر حملہ کردیا۔کوئیک رسپانس فورس کو فوری بلایا،اسی دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے پاک فوج کے سپاہی محمد جمیل، سپاہی محمد اشتیاق اور حوالدار زاہد زخمی ہوگئے۔

مزید کوئیک رسپانس فورس بلوائی مسلح افراد مسلسل فوجی جوانوں پر فائرنگ کرتے رہے۔فوجی جوانوں نے بھی حفاظت میں جوابی فائرنگ کی ہمت کرکے جوان نے چند مسلح افراد کو قابو کرلیا حسن ولد بشیر جو کلاشنکوف سے سیدھی فوجی جوانوں پر فائرنگ کررہا تھا گولی لگنے سے گر پڑا اور جاں بحق ہوگیا۔ دیگر افراد بھاگتے ہوئے فائرنگ کرتے رہے ان مسلح افراد کی فائرنگ کی زد میں آکر نور محمد سکنہ چک نمبر15 فور ایل فائر لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

بھاگنے والوں میں سے دو مسلح افراد امتیاز ولد سلیمان اور ظفر ولد اللہ رکھا کو گرفتار کرلیا۔ رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ وقوعہ مہر عبدالستار، محمد اسلم، محمد الطاف، محمد رمضان، سلیم جھکڑ، ندیم اشرف اور ذوالفقار رندھاوا کے ایماء اور اکسانے پر کیا ہے۔بھاگنے والوں میں جاوید وٹو، عرفان پٹو، اسلم بلوچ، اشرف، انوار، اکرم بلوچ، عبدالستار چمن، الطاف کمبوہ، فرید سیال، حنیف، الیاس ڈھولہ،لیاقت، بشیر، سیالا اور فرید بلوچ وغیرہ شامل ہیں

متعلقہ عنوان :