کراچی،نوری آباد کے قریب ٹریفک حادثہ،8افراد جاں بحق، کراچی جانے والی مسافر وین مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا ئی ، نوشکی میں خاران سے کوئٹہ جانیوالی بس الٹنے سے خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق، 36 زخمی

پیر 7 جولائی 2014 02:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء)نوری آباد کے قریب اندوہناک ٹریفک حادثے میں آٹھ افراد لقمہ اجل بن گئے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب سکھر سے کراچی جانے والی مسافر وین مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں8مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اور متعددمسافر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جب مسافر وین موڑ کاٹتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ واقعہ کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ادھربلوچستان کے علاقے نوشکی میں خاران سے کوئٹہ جانیوالی بس الٹنے کے نتیجے میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوگئے یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز خاران سے کوئٹہ آنیوالی مسافر بس نوشکی کے علاقے سلطان چڑھائی کے قریب ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خاتون مسماة عافیہ بی بی  محمد صدیق  حاجی لعل جان  عبدالخالق  محمد اسماعیل اور محمد ابراہیم موقع پر ہلاک جبکہ 36 سے زائد زخمی ہوگئے واقعہ کی اطلاع ملنے پر مقامی انتظامیہ اور علاقہ مکین موقع پر پہنچ گئے زخمیوں اور نعشوں کو کوچ سے نکال کر ہسپتال پہنچا دیا گیا نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا مزید کارروائی متعلقہ انتظامیہ کررہی ہے۔