کراچی،اورنگی ٹاون اور سائٹ میں رینجرز کا مبینہ مقابلے میں 4ملزمان کو مارنے کا دعویٰ ،پرانی سبزی منڈی پر فائرنگ سے اہل سنت والجماعت کے2کارکن جاں بحق،اہل سنت الجماعت کا یونیورسٹی روڈ پر دھرنا ،کاروبار بند ،ٹریفک معطل

پیر 7 جولائی 2014 02:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء)کراچی میں اورنگی ٹاون اور سائٹ میں رینجرز نے مبینہ مقابلے میں 4ملزمان کا مارنے کا دعویٰ کیاہے ،ملزمان سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون پیر آباد میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب رینجرز سے مبینہ مقابلے میں 2ملزمان مارے گئے ۔رینجرز کے مطابق مارے جانے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جب کہ مارے جانے والے ملزمان پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔

رینجرز حکام کے مطابق مارے جانے والے ملزمان کی شناخت خالد جان اور زیشان کے نام سے ہوئی ہے ۔رینجرز حکام نے بتایاکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ،موٹر سائیکل اور 2دستی بم برآمد ہوئے ۔رینجرز حکام کے مطابق مقابلے میں ملزمان اسلحہ اور دستی بم استعمال نہیں کرسکے ۔

(جاری ہے)

رینجرز حکام کے مطابق دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنارہے تھے۔

دوسری جانب سائٹ کے علاقے میٹرول میں بھی رینجرز سے مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان مارے گئے۔رینجرز حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔رینجرز حکام کے مطابق مارے جانے والے ملزمان کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ادھرکراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی پر فائرنگ سے اہل سنت والجماعت کے2کارکن جاں بحق ،اہل سنت الجماعت کا یونیورسٹی روڈ پر دھرنا ،کاروبار بند ،ٹریفک معطل ہوگیا ،6گھنٹے سے زائد دھرنا کارکنوں کے نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ختم ہوگیا ،اہل سنت والجماعت کا قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو سحری کے وقت نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی میں گھر کے باہر کھڑے 2افراد پر فائرنگ کر دی ۔جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت قاری عبدالرحیم اور نور زمان کے نام سے ہوئی ہے ۔جو اہل سنت والجماعت کے کارکن اور علاقائی عہدایدار تھے ۔

پولیس کے مطابق پی آئی بی کالونی میں عسکری پارک کے قریب ایک گھر میں آئے مہمان سے کسی نے بدتمیزی کی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس پر دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا جسے حل کرنے کے لیے انہیں تھانے بھی بلایا گیا۔ تاہم پولیس صلح کرانے میں ناکام رہی۔ بعد میں مہمان پر تشدد کرنے والے گروپ نے تصفیے کی کوشش میں پیش پیش قاری عبدالرحیم اورنورزمان کو گلی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

ہل سنت والجماعت کے ذمے داران کے قتل کے خلاف اتوار کی صبح 9 بجے پرانی سبزی منڈی کے قریب یونیورسٹی روڈ پر دھرنا دے دیا ۔دھرنے کے شرکاء نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی قبل ازیں گاڑیوں پر پتھراو بھی کیا گیا۔

اس دوران پولیس و رینجرز کی اضافی نفری کو بھی علاقے میں طلب کر لیا گیا ۔جب کہ انتظامیہ نے مزار قائد کی جانب سے آنے والی ٹریفک کو جیل چورنگی سے متبادل راستوں کی جانب موڑا دیا۔

اہلسنت والجماعت کے ترجمان کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے قاری عبدالرحیم اور نورزمان کا تعلق اہلسنت والجماعت سے ہے جن میں قاری عبدالرحیم مسجد کا پیش امام بھی تھے۔ بعد ازاں اہل سنت ولجماعت کے دونوں کارکنوں کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر یونیورسٹی روڈ پر انی سبزی منڈی پر ادا کر دی گئی ۔نماز جنازہ اہل سنت والجماعت کے رہنما مولانا اورنگزیب فاروقی نے پڑھائی، اہل سنت والجماعت کے کارکنان اور علماء سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔