یوکرائنی فورسز کا باغیوں کے مضبوط گڑھ پر ’دوبارہ قبضہ‘،سلاویانسک سٹی کونسل پر یوکرائن کا قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے،وزیر دفاع، مزاحمت کو ختم نہیں کیا گیا‘ جنگ جو شہری آبادی کی حفاظت کیلئے شہر چھوڑ کر نکلے ہیں، باغی راہنماء

پیر 7 جولائی 2014 03:45

کیف (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جولائی۔2014ء)یوکرائنی فورسز نے روس نواز باغیوں کے سب سے مضبوط گڑھ تصور کیے جانے والے شہر سلاویانسک پر دوبارہ ملکی جھنڈا لہرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ قبل ازیں اس شہر سے باغیوں کے ’فرار‘ ہونے کی اطلاعات آئی تھیں۔یوکرائن کے صدر کی سرکاری ویب سائٹ پر سلاویانسک شہر کا دوبارہ قبضہ حاصل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ملکی وزیر دفاع ویلری ہیلیٹے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا گیا ہے، ”سلاویانسک سٹی کونسل پر یوکرائن کا قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔“یہ اطلاعات یوکرائنی وزارت داخلہ کے اس اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی ہیں، جس میں کہا گیا تھا کہ روس نواز باغیوں کی ایک بڑی تعداد یوکرائنی فوج کے حملوں کے بعد شہر سے ’فرار‘ ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

روسی وزیر داخلہ آرسن آواکوف نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا ہے، ”عسکریت پسندوں کی ایک بڑی تعداد شہر چھوڑ کر جا رہی ہے اور ہمارے جنگی دستے انہیں ’خوش آمدید‘ کہہ رہے ہیں۔ انہیں نقصانات کا سامنا ہے اور وہ ہتھیار ڈال رہے ہیں۔انٹرفیکس نیوز ایجنسی نے لکھا ہے کہ حکومتی فورسز کی شدید بم باری کی وجہ سے جنگ جو مشرقی شہر کو چھوڑتے جا رہے ہیں۔

اس شہر کی آبادی تقریبا ایک لاکھ دس ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔یوکرائنی حکام کے مطابق سٹی کونسل پر لگے ہوئے باغیوں کے جھنڈے کو نذر آتش کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب باغیوں کے لیڈر آندرے پورگن نے کہا ہے، ”ہماری مزاحمت کو ختم نہیں کیا گیا۔“ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے جنگ جو شہری آبادی کی حفاظت کے لیے شہر چھوڑ کر نکلے ہیں۔ باغیوں کے ایک دوسرے رہنما کا نیوز ایجنسی اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ قریبی مشرقی شہر کراما ٹورسک میں منتقل ہو گئے ہیں۔ روس نواز باغیوں نے رواں برس اپریل میں اس شہر پر قبضہ کر لیا تھا اور اسے باغیوں کا سب سے مضبوط گڑھ سمجھا جا رہا تھا۔

متعلقہ عنوان :