صومالی خاتون پارلیمنٹرین قاتلانہ حملے میں ڈرائیو ر سمیت ہلاک

جمعہ 25 جولائی 2014 06:21

موگادیشو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جولائی۔2014ء)صومالیہ کے پولیس حکام نے کہا کہ نامور گلوکارہ اور رکن پارلیمنٹ سادہ علی ورسام کو دارالحکومت مقدیشوں میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ڈرائیور سمیت ہلاک کر دیا۔عرب ٹی وی کے مطابق عینی شاہدین اور پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح حملہ آور ایک کار میں سوار تھے۔ انہوں نے سادو علی کی کار پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ دارالحکومت کے جنوب میں ایک دوسرے شہر کیدورے سے واپس آ رہی تھیں۔

موگادیشو پولیس کے ایک عہدیدار محمد حسن نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ نامعلوم مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے رکن پارلیمنٹ سادو علی ورسام کو اس کے ڈرائیور سمیت ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس وقت ہمارے پاس اس واقعے کی مزید تفصیلات نہیں ہیں،

پولیس قتل کی چھان بین کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایک عینی شاہد نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اس نے سادو علی کی کار پر فائرنگ کرنے والے دو نا معلوم افراد کو دیکھا ہے جو فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے تھے جبکہ سادو علی اور ان کا ڈرئیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

آخری اطلاعات تک کسی گروپ کی جانب سے قاتلانہ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی، تاہم فوری طور پر اس کارروائی میں شدت پسند تنظیم الشباب ہی کو ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو ماضی میں بھی اہم سیاسی شخصیات کو قاتلانہ حملوں میں ہلاک کرنے میں ملوث رہی ہے۔یادرہے کہ سادو علی 2012ء کے پارلیمانی انتخابات مین صومالیہ کی رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھیں لیکن سیاست میں آنے ان کی وجہ شہرت ایک خوش آواز گلوکارہ کی تھی، تاہم 1970ء کے بعد انہوں نے گلوکاری ترک کرکے سیاسی اور سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ صومالیہ رواں سال میں اب تک چار ارکان پارلیمنٹ کو قتل کیا جا چکا ہے۔جبکہ چند ماہ قبل "الشباب" کا دھمکی آمیز بیان سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ تنظیم صومالیہ کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو چن چن کر قتل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :