صدرکی ٹیکس دھندگان کوسستے اورفوری انصاف کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت، وفاقی ٹیکس محتسب کو اپنے فرائض موثر انداز میں اور خوش اسلوبی سے انجام دینے میں ہر ممکن تعاون اور سرپرستی کی جائے گی،ممنون حسین، وفاقی ٹیکس محتسب نے صدر کو سال دو ہزار تیرہ کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی

ہفتہ 26 جولائی 2014 05:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جولائی۔2014ء )صدر ممنون حسین نے وفاقی ٹیکس محتسب پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس دھندگان کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اورجدت طرازی سے کام لے۔انہوں نے یہ بات وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرؤف چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے (جمعہ ) اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفاقی ٹیکس محتسب کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ایک اہم سرکاری ادارہ ہے جس کی ذمہ داری بدانتظامی سے متعلق شکایات کا ازالہ کرنا اور ٹیکس حکام کی جانب سے ٹیکس دھندگان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے ٹیکس دھندگان کی مشکلات اور مسائل کے حل کے حوالے سے وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار کو سراہا۔صدر نے وفاقی ٹیکس محتسب کو اپنے فرائض موثر انداز میں اور خوش اسلوبی سے انجام دینے میں ہر ممکن تعاون اور سرپرستی کا یقین دلایا۔عبدالروف چوہدری نے صدر کو وفاقی ٹیکس محتسب ، اسکے قیام ، منشور ، فرائض اور شکایات کے فوری ازالے کیلئے کئے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے صدر کو سال دو ہزار تیرہ کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی